منیٰ.... لاکھو ں فرزندان اسلام نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا ۔ مزدلفہ میں رات گزار نے کے بعد آج منی پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان اسلام نے میدان عرفات میں 9ذوالحج کا دن گزارا جہاں انہوں نے ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کیں اورغروب آفتاب کے ساتھ ہی میدان عرفات سے مزدلفہ کی جانب روانہ ہو گئے ۔ مزدلفہ میں رات گزار ی جہاں مغرب اور عشا ءکی نمازیں سنت نبوی کی پیروی کرتے ہوئے قصر اور جمع کی صورت میں ادا کیں ۔مزدلفہ سے رمی کےلئے کنکریاں جمع کیں ۔ مزدلفہ میں فلاحی انجمن کی جانب سے رمی کےلئے کنکریوں کی سہولت فراہم کی گئی تھی ۔ اس ضمن میں فلاحی انجمن کی جانب سے چھوٹے چھوٹے پیکٹوں میں کنکریوں کو پیک کیا تھا ۔ کنکریوں کی تقسیم کےلئے مزدلفہ میں مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے جہاں فلاحی انجمنوں کے کارکن متعین تھے جو حجاج میں کنکریاں تقسیم کر رہے تھے ۔ کنکریوں کے بارے میں حجاج کرام کا کہنا تھا کہ انہیں تیار پیکٹوں میں کنکریاں مل رہی ہیںجس سے کافی سہولت ہو گئی ۔ وزارت حج کی جانب سے منیٰ میں مختلف مقامات پر اردو ، انگلش ، عربی اور دیگر زبانوں میں بورڈز نصب کئے گئے ہیں جن پر حجاج کرام کے لئے ہدایات درج کی گئی ہیں ۔ وزارت حج کا کہنا ہے کہ حجاج کرام رمی کےلئے جاتے وقت کوئی سامان اپنے ساتھ نہ رکھیں تاکہ راستے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وہ حجاج جو سامان ساتھ رکھتے ہیں ان کی وجہ سے سنگین حادثہ رونما ہو سکتا ہے اس لئے جمرات کی جانب جاتے وقت کسی قسم کا سامان اپنے ہمراہ نہ رکھیں ۔ مزدلفہ میں حجاج کرام کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ماضی میں طہارت خانوں کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا تھا جبکہ اب انتظامیہ کی جانب سے وضوخانے جگہ جگہ قائم کئے گئے ہیں جس سے کافی سہولت ہو گئی جبکہ روشنی کا بھی بہترین انتظامات کئے گئے ہیں جن کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ جمرات کی جانب جانے والے راستوں پر حج ٹاسک فورس کے اہلکاروں کو متعین کیاگیا تھا جس کے سبب ازدحام پر کافی کنٹرول رہا ۔ ٹاسک فورس کے اہلکار حجاج کی بہترین اندازمیں رہنمائی کرتے رہے ۔