Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران نے احسان مانی کو کرکٹ پلان سے آگاہ کردیا

 
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان سے نامزد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے ملاقات کی جس کے دوران کرکٹ بورڈ کے معاملات پربات ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے احسان مانی کو پاکستانی کرکٹ میں بہتری کیلئے اپنے پلان سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے احسان مانی کو ہدایت کی ہے کہ پی سی بی کے تمام معاملات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور بورڈ کو بہتر انداز میں چلایا جائے۔ احسان مانی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کے لیے الیکشن لڑنا ہوگا، امید ہے کہ گورننگ بورڈ کے ارکان حق میں ووٹ دیں گے۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین منتخب ہوا تو مایوس نہیں کروں گا۔نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد عمران خان نے احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کے لئے نامزد کیا تھا۔پی سی بی گورننگ بورڈ کے 10 ممبرہیں،2 براہ راست وزیراعظم( پیٹرن انچیف) مقرر کرتا ہے جبکہ دیگر 8 ریجنز اور ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منتخب ہوتے ہیں۔ نامزد چیئرمین احسان مانی نے ایشین بلاک مضبوط بنانے کی ٹھان لی۔ وزیراعظم اور پیٹرن انچیف عمران خان نے اپنی ترجیحات بتانے،کابینہ تشکیل دینے کے ساتھ تبدیلی کی لہر پی سی بی کے دروازے تک پہنچانے میں بھی کوئی تاخیر نہ برتی، انھوں نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا خلا پرکرنے کیلئے احسان مانی کو نامزد کردیا۔چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹ ہونے کی وجہ سے مالیاتی امور کا وسیع تجربہ احسان مانی کے آئی سی سی کیلئے مختلف حیثیتوں میں کام کرتے ہوئے بھی کام آیا۔ انھوں نے ہندوستانی جگموہن ڈالمیا کے ساتھ مل کر دنیائے کرکٹ کو کمرشل بنیادوں پر استوار کیا جس کی وجہ سے آئی سی سی میںوافر سرمایہ اکٹھا ہوا۔ آئی سی سی کا شمار آج مالیاتی لحاظ سے مضبوط عالمی اسپورٹس تنظیموں میں ہوتا ہے۔ایک انٹرویو میں احسان مانی نے پاک ہند مقابلوں کی اہمیت اور دونوں ملکوں کی کرکٹ کو مزید بہتر بنانے اور ایشیائی بلاک کو مضبوط بنانے کی بنیاد رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ اگرچہ ہم ابھی ابتدا کر رہے ہیں لیکن ارادہ ہے کہ ایشین کرکٹ ماضی کی طرح ایک بار پھر مضبوط ہوگی، اس کا پورے خطے کی کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔ میں ابھی تفصیل میں نہیں جاناچاہتا لیکن پاک ہند مقابلے عالمی کرکٹ کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میری پہلے کبھی عمران خان سے چیئرمین پی سی بی کے موضوع پر بات نہیں ہوئی،انھوں نے نامزدگی کا اعلان کرنے سے قبل مجھے فون کیا اور رائے طلب کی ، الیکشن کمشنر اور قائم مقام چیئرمین پی سی بی جسٹس(ر)سید افضل حیدر نے بھی فون پر بات کی ۔ احسان مانی نے کہا کہ عمران خان ریجنز کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں،ہماری بھی کوشش ہوگی کہ ایسوسی ایشنز کو بااختیار بنائیں لیکن ڈپارٹمنٹس کا بھی کرکٹ میں اہم کردار ہے۔میرے خیال میں ریجنز اور بینکوں و اداروں کی ٹیمیں ساتھ ساتھ چل سکتی ہیں،ہمیں اختیارات میں توازن کے ساتھ پی سی بی کے معاملات کو شفاف بنانا ہوگا،بورڈ میں 900ملازمین رکھنے کا مطلب ہے کہ آپ بنیادی طور پر ہی غلط چل رہے ہیں۔ 

شیئر: