اسلام آباد میں اوور سیز پاکستانیوں کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع؟
اسلام آباد.... وزیراعظم کے مشیر بر ائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سی ڈی اے کمرشل پلاٹوں میں سرمایہ کاری کیلئے تارکین وطن کو سہولت فراہم کرے۔ وفاقی دارالحکومت میں بلڈنگ کوڈز کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانا ہو گا۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سی ڈی اے کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کے حوالے سے ماسٹر پلان وضع کرے تاکہ تارکین وطن پاکستانی اپنا سرمایہ دیگر ممالک میں لگانے کے بجا ئے پاکستان میں لے کر آئیں اور ملکی معیشت کو سہارا مل سکے۔ سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ تارکین وطن قیمتی ترسیلات زر وطن بھیجتے ہیں انہیں کمرشل پلاٹوں میں سرمایہ کاری کا موقع فراہم کر کے ملک میں سرمایہ کاری کو ترغیب دی جا سکتی ہے۔ سی ڈی اے اس ضمن میں موثر اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا کا ایف الیون تک ماسٹر پلان مرتب کیا جائے تاکہ تارکین وطن ان کمرشل پلاٹوں میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ انہوں نے پہلے سے نیلام کئے گئے کمرشل پلاٹوں کے واجبات اور نقشوں کی منظوری سے متعلق تفصیلات بھی طلب کیں اور کہا کہ جلد یہ تفصیلات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود بھی دن رات کام کرتے ہیں اور اپنے وزراءسے توقع کرتے ہیں کہ وہ ان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے دن رات کام کریں تاکہ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکے اور عوام کی توقعات پر پورا اترا جا سکے۔