Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

#جنید_جمشید

پاکستان کے معروف مبلغ اور نعت خواں جنید جمشید کی 54ویں سالگرہ پر دنیا بھر میں ان کے مداحوں نے انہیں یاد رکھا۔ جنید جمشید 3 ستمبر 1964ءکو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔انکے والد کی خواہش تھی کہ وہ پاک فضائیہ میں شامل ہو کر وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کی رکھوالی کریںتاہم نظر کمزور ہونے کے باعث فائٹر پائلٹ نہ بن سکے اورانجام کار فضائیہ کو خیر باد کہہ دیا۔ انہوں نے دوستوں کے ساتھ مل کر ایک بینڈ تشکیل دیا جس نے دنیا بھر میں نام روشن کیا اور دل دل پاکستان جیسے شہرہ آفاق قومی نغمے تخلیق کئے۔ جنید جمشید موسیقی کی دنیا میں اپنے عروج پر تھے کہ اچانک ان کی کایا پلٹ گئی، انہوں نے موسیقی کی دنیا سے ناتہ توڑ لیا اور اپنی آواز کو حمد پاک اور نعت طیبہ کے لئے وقف کر دیا۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے دین کی دعوت دینا شروع کر دی ۔ 2004 میں جنید جمشید نے حمدباری تعالیٰ اور نعت طیبہ پر مشتمل البم جاری کیا۔ انہوں نے ملبوسات کا کاروبار بھی شروع کیا۔ جنید جمشید نے اپنے نام اور شہرت کو دین اسلام کی تبلیغ کے لئے وقف کردیا۔ پھر یوں ہوا کہ 7 دسمبر 2016ءآ پہنچا جب ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ یوں دل بدلنے کی ایک مثال ثابت ہونے والے، لاکھوں دلوں میں اپنی محبت جگانے والے جنید جمشید اپنے چاہنے والوں کو داغ مفارقت دے گئے ۔ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے مگر اپنے مداحوں کے دلوں میں آج بھی وہ زندہ ہیں۔ ان کی 54ویں سالگرہ پر جس طرح ملک بھر کے سوشل میڈیا صارفین نے انہیں یاد رکھا وہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ان کی یادیں ہر دم ہمارے ساتھ ہیں۔ سماجی رابطوں میں انہیں کس کس نے کن الفاظ میں یاد کیا، اس کی ایک جھلک پیش ہے:
٭٭معروف اینکر پرسن وسیم بادامی نے ٹویٹ کیا : آج جنید جمشید کی سالگرہ ہے۔ میں آپ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ سورہ فاتحہ پڑھ کر ان کے لئے دعا کریں۔ جنید بھائی ہم سب کو آپ کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے۔
٭٭عزیر الطاف نے ٹویٹ کیا : راک اسٹار سے اسلامی شناخت تک کے سفر میں جنید جمشید ہمارے لئے ایک روشن مثال ہیں۔ جنید جمشید آپ ان چند پاکستانیوں میں سے ایک ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔
٭٭سید آصف شاہ نے کہا : جنید جمشید آپ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اور یہ قوم آپ کو کبھی نہیں بھولے گی۔ 
٭٭احتشام سعید نے ٹویٹ کیاکہ اللہ تعالیٰ نہ صرف جنید جمشید بلکہ اُس حادثے میں شہید ہونے والے تمام افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
٭٭عمر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ، جنیدجمشید کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔
٭٭نمرہ خان نے لکھا کہ ہم جنید جمشید کو ان کی سالگرہ پر یاد رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنی مختصر زندگی میں جو کچھ کر دکھایا وہ سب کے لئے مثال ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے ۔
دانش نے ٹویٹ کیاکہ اعتبار بھی آ ہی جائے گا ، چلو تو سہی راستہ کوئی مل ہی جائے گا۔ جنید جمشید کے گانے کے یہ الفاظ ہمیشہ میرے دل سے بہت قریب رہے ہیں۔
٭٭یشال جلیل نے ٹویٹ کیا : جنید جمشید آپ ہمارے ساتھ نہیں لیکن آپ ہمارے دلوں میں ہیں۔ اللہ تعالی آپ کو جنت الفردوس میں جگہ عطافرمائے ، آمین۔
 

شیئر:

متعلقہ خبریں