یو ایس اوپن : رافیل نڈال اور سیوا سٹووا کی کامیابی
نیویارک : یو ایس اوپن میں عالمی نمبر ون ٹینس ا سٹار رافیل نڈال نے ڈومنیک تھیم کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ نیویارک میں جاری ٹینس سیزن کے آخری گرینڈ سلام کے مینز سنگلز کوارٹر فائنل کا مقابلہ ہوا، ٹاپ سیڈ رافیل نڈال اور آسٹریا کے ڈومنیک تھیم کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔عالمی نمبر ون رافیل نڈال کو پہلے سیٹ میں 0-6سے شکست کاسامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے کم بیک کیا اور 4-6 اور 5-7 سے 2سیٹ میں کامیابی حاصل کی۔ چوتھا سیٹ ہارنے کے بعد فیصلہ کن سیٹ اپنے نام کیا اور سیمی فائنل کیلئے راہ ہموار کر لی۔ویمنزسنگلز کے مقابلے میں اپ سیٹ ہو گیا۔19 نمبر کی ٹینس اسٹار سیواسٹووا نے دفاعی چیمپیئن سلوآنے سٹیفنز کو کوارٹر فائنل میں ہرا دیا۔ نیویارک کے بلیو ٹینس کورٹ پر کوارٹر فائنل ویمنز سنگلز میں لٹوویا کی اناستاسیجا سیواسٹووا نے دفاعی چیمپیئن امریکی حریف کے خلاف زبردست مقابلہ کیا۔عالمی رینکنگ میں 19نمبر کی کھلاڑی نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ پہلا سیٹ 2-6 سے جیت لیا، دوسرے سیٹ میں بھی اسی جوش اورتکنیک کو جاری رکھا۔دوسرے سیٹ میں 3-6 سے فتح سمیٹی اور دفاعی چیمپیئن کو آوٹ کر دیا۔ یو ایس اوپن کے مسلسل تیسرے کوارٹر فائنل میں انٹری شاندار فتح کے ساتھ یادگار بن گئی۔