رام مندر بن کر رہے گا،حکومت اور عدلیہ بھی ہماری ہے، بی جے پی وزیر
لکھنؤ۔۔۔۔اتر پردیش کی بی جے پی حکومت میں وزیر مکٹ بہاری ورما نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے دوران کہا کہ رام مندر بن کر رہے گا اور اس کی تعمیر کیلئے عزم مصمم کررکھا ہے کیونکہ سپریم کورٹ اور سرکار بھی ہماری ہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق مکٹ بہاری ورما بہرائچ ریاستی حکومت کی کارگزاریوں کا شمار کرنے پہنچے تھے۔ بی جے پی ترقی کے نام پراقتدار میںآئی ہے۔بہرائچ کے قیصر گنج سے رکن اسمبلی مکٹ بہاری کے اس بیان نے سیاسی ہلچل تیز کر دی ہے۔ بی جے پی کی ترجمان انیلا سنگھ نے سپریم کورٹ کو کسی کے ہاتھ میں ہونے کی بات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ آزاد ہے اورایسی بات ہرگز نہیں کہہ سکتے کہ سپریم کورٹ کسی کے دباؤ میں ہے۔ انھوں نے مزیدکہا کہ رام مندر کا مسئلہ عدالت میں ہے اور اس کا فیصلہ قابل قبول ہوگا۔مکٹ بہاری ورما کے بیان پر کانگریس کے رہنماسنجے جھا نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی قابل اعتراض بیان ہے۔ بی جے پی وزیر کا یہ کہنا کہ سپریم کورٹ اْن کی ہے،یہ عدلیہ کی توہین ہے اور سپریم کورٹ کی آزادی پر سوال کھڑے کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس طرح کے خطرناک بیانات سے عام آدمی پر کیا اثر پڑسکتا ہے؟۔سنجے جھا نے کہا کہ سپریم کورٹ اس متنازعہ بیان پر ازخود نوٹس لیکر بی جے پی رہنماکیخلاف کارروائی کرے۔