گرل فرینڈ نے دھوکے سے دوست کو قتل کردیا
نوئیڈا۔۔۔۔اتر پردیش میں نوئیڈا کے سیکٹر 168میں آٹو رکشہ ڈرائیور اسرافیل کے قتل کی گتھی پولیس نے سلجھالی۔ اس معاملے میں اسرافیل کی سابق گرل فرینڈ اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایس پی ڈاکٹر اجے پال شرما نے بتایا کہ بہار کے ضلع کٹیہار کا رہنے والا اسرافیل نوئیڈا کے برولا گاؤں میں رہتا تھا۔ 3ستمبر کو اس کی لاش ملی تھی۔ تحقیقا ت سے معلوم ہوا کہ 4سال قبل اسرافیل کی ملاقات ٹرین میں مظفر پور کی رہنے والی سائرہ سے ہوئی تھی۔ اس وقت اسرافیل کا دوست رحیم بھی ساتھ تھا۔جلد ہی دونوں میں قریبی تعلقات استوار ہوگئے۔2سال قبل جب اسرافیل کی شادی دوسری لڑکی سے ہوگئی تو سائرہ نے رحیم سے قربت بڑھالی۔ الزام ہے کہ سائرہ کو دور ہوتے دیکھ کر اسرافیل نے اسے فون پر دھمکی دینا شروع کردی۔ اس سے پریشان ہوکر سائرہ نے رحیم کو بہار سے بلایا۔ وہ 31اگست کو ٹرین کے ذریعے دہلی پہنچا ۔دونوں نے اسرافیل کو ٹھکانے لگانے کی سازش رچی۔ اسکے تحت 2ستمبر کو دونوں میٹرو سے نوئیڈا کیلئے روانہ ہوئے۔ رحیم گول کورس اورسائرہ سٹی سینٹر پر اتر گئی۔ یہاں اسرافیل اس کا انتظار کررہا تھا۔ اس کے بعد اسرافیل اور سائرہ آٹو سے سیکٹر 168پہنچے ۔وہاں سائرہ اور اسرافیل پارک کے ایک گوشے میں چلے گئے جہاں سائرہ نے اسے باتوں میں پھنساکر آنکھ پر پٹی باندھی اور چاقو سے گلے پر وار کردیا۔ یہ دیکھ کر پہلے سے جھاڑیوں میں چھپا ہوا دوست رحیم باہر آیا اور اس نے بھی دھار دارآلے سے اسرافیل کی گردن الگ کردی۔قتل کی واردات کے بعد دونوں اسرافیل کے آٹو میں ایڈوانٹ بلڈنگ پہنچے جہاں سے رحیم دوسرے آٹو کے ذریعے دہلی ایئرپورٹ پہنچا اور طیارے سے بہار چلا گیا۔سائرہ دواریکا میں اپنے گھر چلی گئی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر رحیم کو گرفتار کرلیا گیا۔اس کے ذریعے سائرہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔دونوں کی گرفتاری کے بعد پورے واقعہ کی حقیقت سامنے آئی۔