دہلی: مساجد کے ائمہ کی تنخواہیں دُگنی کرنے کا فیصلہ
نئی دہلی۔۔۔۔اوکھلا کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان نے دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین کا دوبارہ چارج سنبھالنے کے بعد بدعنوان افسروں کیخلاف کارروائی شروع کردی ۔دوسری طرف ائمہ کو بھی تحفہ دینے کی تیاری ہے۔ امانت اللہ خان نے گزشتہ روزہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ وقف بورڈ کے ماتحت جومساجد ہیں، ان کے ائمہ کرام کی تنخواہیں دگنی کی جائیں گی۔ وقف بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ میٹنگ میں فیصلہ لئے جانے کے بعد اب فائل محکمہ ریوینیوکے پاس بھیج دی گئی ہے۔ وہاں سے منظوری کے بعداسے نافذ کیا جائیگا۔ جب تک فائل دہلی حکومت کے محکمہ ریوینیو کے پاس سے واپس نہیں آجاتی اس وقت تک باضابطہ طور پربیان جاری نہیں کیا جاسکتا۔ وہیں آل انڈیا امام فاؤنڈیشن کے چیئرمین مولانا محمد عارف قاسمی نے بھی بتایا کہ وقف بورڈ کی میٹنگ میں فیصلہ ہوچکا ہے، جلد ہی ائمہ مساجد کی تنخواہیں دوگنی ہوجائیں گی۔اس سے قبل امانت اللہ خان نے کہا کہ دہلی کی تمام مساجد کے ائمہ کو وقف بورڈ سے تنخواہ دی جائیگی۔کرایوں میں اضافہ ہوگا، زمینوں پر ناجائز قبضوں کوہٹواکرمحفوظ بنایا جائیگا اور اوقاف کی جائیداد پراسکول تعمیر کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ دہلی وقف بورڈ کی جانب سے تقریباً2 ہزارائمہ کو تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ ابھی تک امام کو 10 ہزا رروپئے اورموذن کو 9 ہزارروپئے بطور تنخواہ دیئے جاتے ہیں۔ دہلی وقف بورڈ کا فیصلہ اگرنافذ ہوجاتا ہے تو پھرامام کی تنخواہ 20ہزار اور موذن کی 18ہزار روپے ہوجائیگی۔