Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاک طیبہ ٹرسٹ روزگار سنٹرز کی خواتین گھر چلانے کے قابل بن گئیں ، میر عارف علی

ٹرسٹ کے ماہانہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی ،شمیم کوثر ، احمد عبدالحکیم ،اعجاز احمد خان اور سید خواجہ وقار الدین نے نگرانی کی،ڈاکٹر حسیب اللہ مہمان خصوصی تھے
جدہ ( امین انصاری )خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ کا ماہانہ اجلاس ٹرسٹ کے کمپیوٹر سنٹر میں صدر میر عارف علی کی صدارت اور اوورسیز ٹرسٹیز شمیم کوثر ، احمد عبدالحکیم ،اعجاز احمد خان اور سید خواجہ وقار الدین کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حیدرآباد دکن کے ٹرسٹی ڈاکٹر حسیب اللہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ سید خواجہ وقار الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مہمان اور اراکین کا خیر مقدم کیا ۔ شمیم کوثر نے ڈاکٹر حسیب اللہ کو خوش آمدید کیا اور جدہ میں ہونے والی ٹرسٹ کی کارکردگی کو اراکین کے سامنے رکھا ۔ میر عارف علی نے اپنے چالیس روزہ دورہ حیدرآباد کی تفصیلات سناتے ہوئے کہا ٹرسٹ کے تحت چلنے والے 5 روزگار سنٹرز اور ہائی اسکول انتہائی معیاری اور بھرپور انداز میں چل رہے ہیں ۔ روزگار سنٹرز میں کام کرنے والی خواتین خود مکتفی ہوتے ہوئے اپنے گھر کو چلارہی ہیں اور جو خاندان کل تک فاقوں کا شکار تھا آج وہ خوشحال زندگی گزار رہا ہے ۔ سنٹرز کی خواتین نے جدہ کے اراکین اور ذمہ داروں کے کام کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی جانب سے دامے، درمے ، سخنے حصہ لینے کی وجہ سے آج ہم کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کے بجائے اپنے ہاتھوں سے اشیاءتیار کرکے خوددار زندگی گزار رہے ہیں ۔ ان خواتین نے کہا اسطرح کے سنٹرز کا اضافہ ہونا چاہئے ۔ ٹرسٹ کے تحت چلنے والے محدث دکن اسکول کی تعلیم کسی بھی کانونٹ اسکول سے کم نہیں ۔ ہمارے طلباءعصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے بھی بہر ہ ور ہورہے ہیں ۔ ٹرسٹ کے سینیئر ایڈوائزر عبدالحق ہاشم ،ڈاکٹر اشفاق منیار،حسن بایزید اور انجینیئر سعید الدین نے ٹرسٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ،۔ عبدالحق ہاشم نے کہا کہ میں نے وطن عزیز میں دیکھا کہ ہمارے سنٹرز مقامی ٹرسٹیز کی نگرانی میںدن دوگنی ، رات چوگنی ترقی کررہے ہیں ۔ ہمارے اسکول کے طلباءمیں بلا کی خود اعتمادی اور ڈسپلن دیکھنے کو ملی جس کے لئے اسکول کے قابل ترین اساتذہ قابل تعریف ہیں ۔ ٹرسٹ کے ایکزیکیٹیو ممبر و سابق ڈائریکٹر کمپیوٹر سنٹرجدہ عمران کوثر نے اراکین کو واقف کروایا کہ وٹے پلی میں ارشد حسین ایک روزگار سنٹر چلاتے تھے انہوں نے ٹرسٹ کے سنٹرز کو دیکھنے کے بعد اپنے سنٹر کو ٹرسٹ کے حوالے کرنے کی تجویز رکھی جسے ٹرسٹیز نے قبول کرلیا بہت جلد وٹے پلی کا روزگار سنٹر ٹرسٹ کے تحت کام کرے گا ۔عمران کوثر نے بتایا کہ اس سنٹر کے تمام اخراجات ارشد حسین برداشت کریں گے نیز اس کو مزید وسیع اور مستحکم کرنے کیلئے مقامی لوگوں کی مشاورت سے سنٹر کی کارکردگی کو وسیع کیا جائے گا ۔سنٹر کی مکمل نگرانی ٹرسٹ کے تحت ہوگی ۔حیدرآباد دکن سے آئے ہوئے ٹرسٹی ڈاکٹر حسیب اللہ نے حیدرآباد کے سنٹرز اور اسکول انتظامیہ کی رپورٹ سے اجلاس کو آگہی دی ۔انہوں نے جدہ کمیٹی کی کارکردگی پر نہ صرف اطمینان کا اظہار کیا بلکہ انہیں دلی مبارکباد بھی پیش کی کہ ان کی جہد مسلسل سے حیدرآباد میں ٹرسٹ کے روزگار سنٹرز اور اسکول پورے آب و تاب سے چل رہے ہیں ۔جدہ ٹرسٹ کا ایک ایک رکن قابل تعریف ہے جوا للہ کی راہ میں اپنا قیمتی وقت دیکر امت مسلمہ کے نونہالوں اور یتیم و بیوہ خواتین کی مدد کررہے ہیں ۔ اراکین ٹرسٹ اس موقع پر شکر خدواندی بجالائے کہ اللہ نے انہیں خدمت خلق کے قابل بنایا ۔ممبرزنے عہد کیا کہ ہم زیادہ سے زیادہ قوم و ملت کیلئے اپنی خدمات انجام دینگے ۔ 

شیئر: