اٹلی میں کروڑو ں پونڈ مالیت کے طلائی سکوں کی دریافت
کومو، اٹلی.... مقامی ماہرین آثار قدیمہ نے مقامی تھیٹر کی کھدائی کے دوران کروڑوں پونڈ مالیت کے طلائی سکے دریافت ہونے پر زبردست خوشی او رحیرت کا اظہار کیا ہے اور انہیں انتہائی گرانقدر قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عہد روما کے یہ طلائی سکے 5ویں صدی عیسوی سے تعلق رکھتے ہیں اور اب اطالوی ماہرین قدیمہ ان تمام طلائی سکوں کو جو ایک جگہ مختلف برتنوں میں ملے ہیں مکمل چھان بین او رتحقیقاتی عمل کے بعد نمائش کیلئے میوزیم میں رکھ دیئے جائیںگے۔ کہا جاتا ہے کہ کچھ بلڈرز شہر کے پرانے اور متروکہ قسم کے کریسونی تھیٹر کی جگہ کوئی نئی عمار ت تعمیر کرنا چاہتے تھے اور اسی کیلئے کھدائی جاری تھی کہ زمین سے یہ لاجواب خزانہ برآمد ہوا۔ دریافت ہونے والے سکوں کی چمک دمک آج بھی قابل دید ہے۔ یہ سکے اسلئے بھی نادر کہلانے کے حقدار ہیں کیونکہ اس کی صحیح قدرو قیمت کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ مقامی ماہرین آثار قدیمہ لوکا رینالڈی نے مقامی میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ یہ سکے اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ان سکوں کی اچھی طرح چھان بین کی جائے۔ وزیر ثقافت والبرٹو بونی سوری کا کہناہے کہ ہم اب تک ان سکوں کے تاریخی پس منظر اور انکی ثقافتی قدرو قیمت سے واقف نہیں۔ واضح ہو کہ منہدم کیا جانے والا تھیٹر 1870ء میں بنا تھا اور پھر اسے سینما کی شکل دیدی گئی تھی۔ جس کے بعد 1997ء میں اسے بند کردیا گیا تھا۔ زمین کے مالکان یہاں لگژری اپارٹمنٹ بنانا چاہتے تھے۔ خزانے کی دریافت کے بعد کھدائی کا تمام کام روک دیا گیا ہے۔