لندن .... 40سال قبل آئی بی ایم جوپورٹیبل کمپیوٹر مارکیٹ میں لایا تھا اسکا وزن 50پاونڈ (23کلو) تھا اور وہ ٹائپ رائٹر سے ذرا بڑا تھا۔اسے آپ ہلکے وزن کا کسی طرح بھی قرار نہیں دے سکتے تھے۔ آئی بی ایم کا ماڈل 5100 سال 1977میں مارکیٹ میں آیا تھا اور اسے دنیا کا پہلا پورٹیبل کمپیوٹر کہہ سکتے ہیں۔ یہ بیحد مہنگا بھی تھا اور اسکی قیمت 7217پونڈ (8975ڈالر) سے16ہزار پونڈ (19975ڈالر) تھی۔ اگر 40سال قبل کی اسکی اشتہاری مہم کا جائزہ لیا جائے اور آج کے کمپیوٹر ایج سے اسکا موازانہ کیا جائے تو بخوبی پتہ چلتا ہے کہ ٹیکنالوجی کس حد تک ترقی کرچکی ہے۔ اس کمپیوٹر میں کی بورڈ ، اسٹوریج کی سہولت اور فل اسکرین ڈسپلے کا اہتمام ہوتا تھا۔ یہ آئی بی ایم کا پہلا منی کمپیوٹر تھا۔ اگرچہ اس وقت میں دوسری کمپنیوں کے بھی کمپیوٹر موجود تھے لیکن اس جیسی خصوصیات کسی اور میں نہیں تھیں۔ اسکا جو اشتہار اسوقت دیا گیا تھا اس میں خاص طور پر ذکر کیا گیا تھا کہ اگر آپ کو کوئی چھوٹا پورٹیبل کمپیوٹر درکار ہے تو وہ یہی ہے اور اس پر کام کرکے آپ اپنی پیداواری صلاحیت بڑھا سکتے ہیں۔ اس اشتہار میںایک ریئل اسٹیٹ ایجنٹ ، ایک پائلٹ اور ایک آرکیٹکچر کو دکھایا گیا تھا جنہوں نے اسکی بیحد تعریف کی تھی۔ آج جو کمپیوٹر مارکیٹ میں موجود ہیں انکا وزن صرف6پونڈ (2.7کلوگرام ) ہے۔ آئی بی ایم نے اس وقت کہا تھا کہ اس کمپیوٹر کی قیمت انتہائی مناسب ہے۔اگرچہ جدید دور کے مقابلے میں آئی بی ایم کا یہ کمپیوٹر بھاری بھرکم لگتا ہے لیکن 1960کے عشرے میں آئی بی ایم کے جو کمپیوٹر آئے تھے اسکے مقابلے میں یہ بیحد خوبصورت اور دیدہ زیب اور کم وزن کا محسوس ہوتا تھا۔60کے عشرے کے کمپیوٹر 2بڑی ٹیبل جتنے تھے اور انکا وزن نصف ٹن کا ہوتا تھا۔