Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت ہند آزادی صحافت پر پابندیاں عائد کرنے سے گریز کرے،تلنگانہ جرنلسٹ

تلنگانہ این آر آئی جرنلسٹ ایسوسی ایشن سعودی عرب کا احتجاجی اجلاس ، ہندوستانی صحافیوں سے اظہار یگانگت،آزادی صحافت کیخلاف سازشوں کی مذمت
جدہ ( امین انصاری ) تلنگانہ این آر آئی جرنلسٹ ایسوسی ایشن سعودی عرب ( TNJASA)کا احتجاجی اجلاس کے این واصف کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں آزادی صحافت پر شکنجہ کسنے اور صحافت کی آزادی کا گلہ گھونٹنے کیلئے حکومتوں کی جانب سے کی جارہی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستان بھر خاص کر ریاست تلنگانہ کی صحافتی برادری اور صحافیوں کے ساتھ اظہار یگانگت کیا گیا ۔کنوینیئر ( TNJASA) کے این واصف نے تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹ ، حیدرآباد یونین اور ورکنگ جرنلسٹ، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ یونین ، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن اور دیگر تنظیموں کی جانب سے حیدرآباد اور ملک کے دیگر شہروں میں منعقد کی گئی احتجاجی ریلیوں اور صحافیوں کے تمام مطالبات کی بھرپور تائید کا اعلان کیا ۔ اجلاس نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ ہندوستان میں آزادی صحافت کو یقینی بنایا جائے اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والے صحافیوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر روک لگائی جائے کیونکہ آزادی صحافت صحتمند جمہوریت کے لئے بے حد ضروری ہے ۔ اجلاس میں شریک تلنگانہ این آر آئی جرنلسٹ ایسوسی ایشن سعودی عرب کے اراکین محمد سیف الدین ، غوث ارسلان ، سید ضیا ء الرحمن ، میر محسن علی، محمد تجمل علی خان ، محمد عبدالباسط اور عبدالرحمن مرزا بیگ نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں سیکولرازم کی بقا ءکیلئے آزادی صحافت پر پابندیاں عائد کرنے سے گریز کرے اور آزادی صحافت کو یقینی بنائے تاکہ عوام صحافت کے ذریعہ حقیقت سے آشنا ہوتی رہیں ۔ 

شیئر: