برلن ۔۔۔ جرمنی کے لگژری گاڑیاں بنانے والی کمپنی آڈی نے امریکی مارکیٹ میں ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑیوں کو مات دینے کے لئے نئی الیکٹرک سپورٹ یوٹیلٹی گاڑی لانچ کر دی جس کو آڈی کا ای ٹرون ماڈل بھی کہا جا رہا ہے۔آڈی ای ٹرون درمیانے سائز کی کروز کنٹرول گاڑی ہے جو آئندہ سال امریکی مارکیٹ میں پہنچے گی جو کہ 75,795 ڈالر بمع 7,500 ڈالر ٹیکس دستیاب ہو گی۔ آڈی ای ٹرون کا لانچ لاس اینجلس میں سپیس ایکس کے احاطے میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس دوران بتایا گیا کی ای ٹرون کے آن لائن ریٹیل خریداری کے لئے ان کے شراکت دار’’ایمازون ‘‘کا پلیٹ فارم ہو گا۔ای ٹرون میں دو الیکٹرک موٹرز ہیں جن میں سے ایک آگے اور ایک پیچھے نصب ہے۔گاڑی میں سامنے دیکھنے کے لئے کیمرے نصب ہوں گے جو روایتی شیشوں کی جگہ لیں گے تاہم اس فیچر کی اجازت یا منظوری ابھی امریکی ریگولیٹرز نے دینی ہے۔ کروز کنٹرول سسٹم کی وجہ سے گاڑی خود کار طریقے سے اپنی لین میں رہنے کے ساتھ سامنے اور پیچھے والی گاڑیوں سے ایک خاص فاصلہ پر رہے گی۔ گاڑی میں 95 کلو واٹ فی گھنٹہ والی بیٹری نصب ہو گی ۔امریکا کے لئے ای ٹرون کی پیداوار ہنگری میں قائم کارخانوں میں شروع کی جائے گی۔