بھوکی گلہری کی مضحکہ خیزکوشش ، مونگ پھلی سے بھری ننھی ٹرالی چلاتی رہی
جمعرات 20 ستمبر 2018 3:00
ٹیمپلٹن.... اسکاٹ لینڈ کے تفریحی علاقے ڈینڈی سے ذرا فاصلے پر واقع ٹیمپلٹن جنگلات کی سیر کو آئے ہوئے ایک شخص نے بھوکی گلہری کو مونگ پھلی سے بھری ہوئی چھوٹی ٹرالی چلاتے ہوئے دیکھا اور اس کی تصویر اتار کر نیٹ پر جاری کردی۔ سرخ رنگ کی یہ گلہری اس مہارت سے ننھی ٹرالی چلاتی نظر آئی کہ لوگوں کی نظروں میں ایسے مناظر گھوم گئے جب والدین کیساتھ شاپنگ پر آئے بچے چھوٹی چھوٹی ٹرالیاں چلاتے نظر آتے ہیں۔کریگ کا پورا نام کریگ ڈوگان ہے اور جو پیشے کے اعتبار سے فوٹو گرافر ہے۔ تفصیلات کے مطابق کریگ تصاویر اتارنے کی غرض سے اس جنگل میں آئے تھے اور ایک اچھی تصویر اتارنے کا موقع حاصل کرنے کی غرض سے 3ہفتے سے جنگل میں مقیم تھے۔ انکا کہناہے کہ وہ اچھی تصویر یا اچھے منظر کی تلاش میں مصروف تھے کہ انہیں ایک خیال آیا کیونکہ انہوں نے قریب کی ایک دکان میں ننھی سی ٹرالی دیکھی اور انہوں نے مضحکہ خیز انداز میں اس ٹرالی کو استعمال کرنے اور یادگار تصویر اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔ وہ ٹرالی لیکر جنگل کے اندر آئے اور انہوں نے یہ یادگار تصویر اتار لی۔ کریگ کا کہناہے کہ وہ گزشتہ 3 ہفتے سے تقریباً روزانہ ہی جنگل میں آتے تھے۔ بچوں کو اسکول چھوڑنے کے بعد انکی واحد مصروفیت جنگل میں فوٹو گرافی کرنا ہوتی تھی اور پھر اسکول میں چھٹی کے بعد وہ بچوں کو لینے کیلئے جانے کے وقت تک فوٹو گرافی میں مصروف رہتے تھے۔ انہوں نے اپنے مطلب کی تصاویر اتارنے کیلئے آس پاس کے درختوں پر موجود گلہریوں کو اخروٹ، سویا بین ، انگور اور دیگر خشک میوہ جات کے علاوہ سیب اور گاجر کے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر بھی دیئے اورآخر ایک دن ان کی مراد پوری ہوئی۔ اب یہ تصویر وائرل ہوچکی ہے اور دوسرے لوگوں کے علاوہ ان کی فیملی اور دونوں بچے بھی بہت خوش ہیں اور انکی تعریف کررہے ہیں۔