Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پورٹ بلیر میں یادگار مشاعرہ اور کوی سمیلن

ادب ڈیسک
”چیتنا “اور” دائرہ  اُردو ادب“ کے زیر اہتمام ”ٹیگور سبھاگار“، پورٹ بلیر میں مشاعرہ اور کوی سمیلن کا انعقادہوا جس میںشہر کے شاعروں اور کوی حضرات نے شرکت کی اور اپنے گیت، غزلیں اور نظمیں معاشرتی تال میل اور اِنسانی اقدارکی نذر کیں۔بنگلور سے تشریف لانے والے ہندوستان کے مایہ ¿ ناز شاعر و ادیب عزیز بلگامی رونقِ محفل بنے۔ اُن کی فکر انگیز غزلوں اور سحر انگریز ترنم سے سامعین کومسحور کر دیا۔ 
عزیز بلگامی نے اِس موقع پر اِظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ آج معاشرے میںباہمی خیر سگالی کو بچائے رکھنے کی ذمہ داری قلمکاروں پرعائدہوتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ مشاعرے اور کوی سمیلن منعقد ہوتے رہنے چاہئیں اور تعمیری افکار و نظریات کو ایک دوسرے تک پہنچانے کاکام جاری رہنا چاہئے ‘۔چنمیہ مشن ، پورٹ بلیر کے صدر سریندر پرہلادکا، پروگرام کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کویتا اور شاعری زندگی سے منسلک ایک دفینہ ہے جس کی حفاظت اور قدر و قیمت کو قائم رکھنے کے لئے ادبی پروگراموں کا انعقاد ضروری ہے۔
اعزازی مہمان ، ضلع پریشد تعلیمی اور سماجی انصاف انجمن کی صد ر مریم بی بی نے اپنے خطاب میں ”دائرہ  اردو ادب“ اور ”چیتنا“ کی مشترکہ کاوشوں کی ستائش کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اِس موقع پر ”دائرہ  اُردو ادب“ کے زیر اہتمام واٹس ایپ کے ذریعہ اُردو سیکھنے والے 6طلباءکو”اسنادِ توصیف“ سے نوازاگیا۔اُردو اسباق کے دروس کا اہتمام کرنے والی سماجی کارکن ساجدہ زبیر نے بتایا کہ مستقبل میں اِس درسِ اردو زبان کی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے گی۔
پروگرام کے خاص مہمان شاعر عزیز بلگامی کے علاوہ جن شعراءاور کوی حضرات نے اپنا کلام سامعین کی نذر کیا ان میں اشوک کماوت،ویاس منی ترپاٹھی، مہرالنسائ، ڈی ایم ساوتری،گووند رام تنہا،شفیق رضوی،جگدیش نارائن رائے، الیاس اے خان اور دُرگ وجے سنگھ دیپ شامل تھے ۔ نظامت الیاس خان نے کی۔
پروگرام کی ابتداءعزیز بلگامی کی کہی ہوئی حمد سے ہوئی۔” چیتنا “کے نائب صدر بی پی یادو نے مہمانان اور قلمکاروں اور شاعروں کا استقبال کیا۔ گیتا نوین بھٹ نے پورے پروگرام کو چلایااور ہدیہ تشکر پیش کیا۔ پورٹ بلیر اور وِمبرلی گنج علاقے سے بڑی تعداد میں آئے ادب نوازوں نے شعراءاور کوی حضرات کو داد سے نوازا اور اُن کے کلام سے لطف اُٹھایا۔اِس طرح یہ یاد گار مشاعرہ و کوی سمیلن شب 9 بجے اختتام پذیر ہوا۔ 
 

شیئر: