Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہماری آنکھیں کھل جانی چاہئیں، سرفراز احمد

 
دبئی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ  ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں ہند سے  شکست پر ہماری آنکھیں کھل جانی چاہییں جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ بیٹسمینوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اچھا ہوا اہم میچوں سے قبل ہی ہمیں ایک انتباہ مل گیا اور اب ہمیں اس سے سبق سیکھتے ہوئے بقیہ میچوں میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ اب مزید غلطی کی گنجائش بھی نہیں۔ گروپ میچ میں روایتی حریف کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ مجھ سمیت ہمارے زیادہ تر کھلاڑی غیر ضروری شاٹس کھیلتے ہوئے آوٹ ہوئے۔ کسی نے موقع محل کے مطابق وکٹ پر ٹھہرنے اور دباوکم کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی اور اس کوتاہی کا ہندوستانی بولرز نے خوب فائدہ اٹھایا۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ بیٹسمینوں نے کوئی بڑی شراکت قائم کرنے کی کوشش نہیں کی ۔ شعیب ملک اور بابر اعظم بھی سیٹ ہوکر اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے اگر ہم پوری ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے تو اسکور بورڈ اور میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا لیکن اس کے لئے کوشش ہی نہیں کی گئی۔مکی آرتھر نے بتایاکہ شاداب خان کو کمر میں تکلیف کا سامنا ہے۔ ویسٹ انڈیز میں بھی ان کے ساتھ ایسا ہوا تھا لیکن پریشانی کی بات نہیں۔ انہوں نے ہندوستانی ٹیم اور خاص طور پر بولرز کے کھیل کو سراہا اور کہا کہ ہانگ کانگ کے خلاف خفت سے دوچار ہونے کے باوجود ہند کے بولرز اس دباو سے نکلنے میں کامیاب رہے جو قابل تحسین ہے ۔ہندوستانی کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہاندازہ نہیں تھا کہ میچ اتنا آسان ثابت ہوگا۔ بقیہ میچوں میں ٹیم اس سے بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے گی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں

شیئر: