Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے سیریز کیلئے آسٹریلوی ٹیم دبئی پہنچ گئی

دبئی:پاکستان کےخلاف2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں حصہ لینے کے لئے آسٹریلوی ٹیم دبئی پہنچ چکی ہے۔ کپتان ٹم پین کا کہنا تھا کہ ہم اس سیریز میں جارحیت کے بجائے صبر و تحمل کی حکمت عملی اپنائیں گے۔ سخت گرم موسم کی وجہ سے مہمان ٹیم پریشانی کا شکار اور اسی لئے طویل دورانئے کے پریکٹس سیشنز نہیں رکھے گئے تاکہ ٹیسٹ میچ سے پہلے کرکٹرز کو فٹنس مسائل سے دور رکھا جائے۔ دورے کا باقاعدہ آغاز 29 ستمبر کو پاکستان اے کے خلاف 4 روزہ وارم اپ میچ سے ہوگا۔ آسٹریلوی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پہلے کوشش یہاں کے موسم اور ماحول سے ہم آہنگ ہونا ہے ، ہمیں اندازہ ہے کہ سخت محنت کرنا ہوگی۔ ہم یہ سیریز جیتنے کیلئے آئے ہیں اور اسپورٹس مین اسپرٹ برقرار رکھتے ہوئے وہی کھیل پیش کریں گے جو آسٹریلوی ٹیم کا خاصہ ہے۔ روایتی طور پر امارات میں کھیل بہت طویل اور سست روی کا شکار رہتا ہے اس لئے ہمیں بڑے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا ، ٹیم کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران بھی صبر وتحمل، دباوسے نمٹنا اور طویل شراکتیں قائم کرنے کی کوشش ہی ہمارا بنیادی موضوع رہا ہے اور یہی یہاں کامیابی کی بنیاد بھی ہوگی سو اسی حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ایک سوال پر ٹم پین کا کہنا تھا اماراتی وکٹوں پر کھیل 4دن تو سست روی کا شکار رہتا ہے اور پانچویں دن اس میں تیزی آتی ہے اس لئے ہماری کوشش ہوگی کہ اس مرحلے پر کاری وار کرنے کی کوشش کریں۔بیٹنگ لائن ایک سخت اور مشکل سیریز کے لئے پوری طرح تیار ہے جبکہ یہاں کی گرمی ہمارے بولرز کے لئے بھی بڑا مسئلہ ہوگی، اس گرمی میں طویل اور اچھے اسپیل کرانا آسان نہیں ہوگا۔بولرز کو بہت احتیاظ کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ فٹنس مسائل کا شکار نہ ہوں۔ مچل اسٹارک کی ٹیم میں واپسی خوش آئند ہے اور کوشش ہوگی کہ وہ مختصراسپیلز کے ساتھ اپنی روایتی تیز بولنگ جاری رکھیں۔ سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی عدم موجودگی مہمان ٹیم کیلئے مسئلہ ہوگی تاہم کپتان کا کہنا تھا یہ نئے کھلاڑیوں کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ خود کو
منوائیں اور ان کی کمی پوری کرنے کی کوشش کریں۔
 
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز "واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں

شیئر: