Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوبر کا ڈرائیور نشے میں دھت ، مسافر خود ہی کار ڈرائیو کرکے گھر پہنچ گیا

بنگالورو .... کہا جاتا ہے کہ بڑے شہروں کے ڈرائیوروں کی آمدنی کے ساتھ ساتھ اپنے پیشے سے انکا رویہ بھی تبدیل ہونے لگتا ہے اور وہ مسافروں کا زیادہ خیال نہیں رکھتے۔ کرایوں میں اضافے کے نتیجے میں انکی حالت مالی طور پر بہت بہتر ہوجاتی ہے اور اس بہتری کے ساتھ بہت بری عادتیں بھی ان ڈرائیوروں کو لگ جاتی ہیں جن میں سے ایک عادت نشہ کرنے یا شراب پینے کی ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں بنگالورو ایئرپورٹ سے اپنے گھر جانے کیلئے ایک مسافر نے اوبر والوں سے رابطہ کیا اور اپنے لئے ٹیکسی بک کرائی لیکن جب ڈرائیور اسے پک کرنے کیلئے ایئرپورٹ پہنچا تو سوریا اوروگانتی نامی مسافر یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ ٹیکسی کا ڈرائیور وہ نہیں ہے جو اوبر والوں نے اپنے ایپ پر اسے دکھایا تھا۔ کمپنی نے جس ڈرائیور کو بھیجا تھا وہ کوئی اور تھا اور نشے میں دھت تھا۔ چند منٹ تک تو سوریا نے اسے برداشت کیا اور متبادل سواری تلاش کرنے کی کوشش کی اور جب مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آیا تو اس نے نشے میں دھت ڈرائیور سے کہا کہ وہ ڈرائیونگ سیٹ چھوڑ دے اور پیچھے جاکر بیٹھ جائے۔ بہرحال ڈرائیور نے اپنی سیٹ چھوڑدی اور برابر کی نشست پر بیٹھا رہا اور سوریا اس بات پر مجبور ہوگیا کہ وہ گاڑی خود چلائے اور اس طرح وہ گھر پہنچا۔ سوریا کا کہناہے کہ اسے زیادہ سے زیادہ دو سے 3 منٹ ہوئے ہونگے کہ اسے احساس ہوا کہ اوبر کا ڈرائیور نشے میں پوری طرح سے دھت ہے اور اس لئے اس کے ساتھ سفر کرنا کافی خطرناک ہوسکتا ہے۔ گھر پہنچ کر سوریا نامی مسافر نے ٹویٹر پر لکھا کہ بنگالورو ایئرپورٹ سے گھر تک کا سفر اسکی توقعات اور امیدوں کے برخلاف ثابت ہوا۔ بہرحال اب تک انہوں نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ اس حد تک غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والی اوبر کمپنی کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کرینگے یا نہیں۔ انہوں نے سردست اتنا ضرور کیا ہے کہ اوبر ڈرائیور کی تصویر اتار کر نیٹ پر جاری کی ہے۔ جسے دیکھ کر دیگر لوگ بھی مخالفانہ قسم کے تبصرے کررہے ہیں اور کمپنی کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔

شیئر: