جذبہ خیر سگالی پر ہند کا رویہ افسوسناک ہے‘ پاکستان
اسلام آباد: ہند اور پاکستان کے مابین تعلقات کے حوالے سے گزشتہ دنوں ہونے والی پیشرفت میں ہند کی جانب سے ایک بار پھر اپنی بات سے مکرنے پر خلا پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے جذبہ خیر سگالی پر ہند کی جانب سے پیچھے ہٹنا باعث افسوس ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہونے سے پہلے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ہند کے تصفیہ طلب مسائل کا حل باہمی بات چیت میں مضمر ہے اور یہ مثبت اقدام پورے خطے کےلئے سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندنے ابتدا میں وزرائے خارجہ ملاقات پر آمادگی ظاہر کی اور پھر انکار کیلئے جواز تلاش کیا۔ پاکستان کے جذبہ خیر سگالی پر ہند کے پیچھے ہٹنے سے افسوس ہوا۔ ملاقات کی منسوخی ہند کے اندرونی حالات کی وجہ سے ہوئی۔ ملاقات سے انکار کےلئے ہندنے جولائی کے معاملے کو ستمبرمیں بہانہ بنا کر پیش کیا۔