Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: پولیس اہلکاروں کو دیا گیا اسلحہ تبدیل کرنے کا حکم

کراچی: شہر قائد میں پولیس فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد محکمے کی جانب سے اہل کاروں کو دیے گئے خودکار ہتھیار تبدیل کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہل کاروں اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کی زد میں آکر شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات کے بعد پولیس کو فراہم کردہ اسلحہ کی تبدیلی پرزوردیا جارہا تھا، اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ نے حکم جاری کیا ہے جس کے تحت پولیس کے خود کار ہتھیارتبدیل کردیے جائیں گے۔ حکم نامے کے مطابق مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ اتفاقیہ گولی چلنے سے کئی جانی نقصانات ہوئے ہیں، لہٰذا گشت اور اسکواڈ ڈیوٹی پرتعینات اہل کار خودکار اسلحہ کی نمائش نہ کریں اورجلد ازجلد ان اہلکاروں کا اسلحہ تبدیل کیا جائے جبکہ مددگار 15 اور موٹر سائیکل اسکواڈ کا اسلحہ بھی فوری تبدیل کیا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل اسکواڈ کو سب مشین گن کی جگہ پستول یا ریوالور دیا جائے۔ اسکواڈ ڈیوٹی پراہلکاروں کو بھی ایک پستول اورصرف ایک خودکاراسلحہ یا سب مشین گن دی جائے ، اس کے ساتھ گشت پر مامور اہلکاروں کو بھی ایک خود کار اسلحہ اور ایک پستول فراہم کی جائے۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے عوام کے درمیان خود کارہتھیار کی نہ ہی نمائش کی جائے اور نہ ہی کسی پراسلحہ تانا جائے۔

شیئر: