نئی دہلی۔۔۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو جھارکھنڈ کے دارالخلافہ رانچی میں دنیا کی سب سے بڑی عو اسکیم’’ ایوشمان بھارت‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم سے ملک کے 50کروڑ افراد استفادہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت10کروڑ خاندانوں کو سالانہ5لاکھ روپے کا نقد صحت انشورنس ملے گا اور اس اسکیم سے غریبوں کو بھی امیروں کی طرح طبی خدمات و سہولتیں دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو مستقبل میں انسانیت کی سب سے بڑی خدمت کی شکل میں دیکھا جانا طے ہے۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ اسے مودی کئیر کہہ رہے ہیں تو کچھ لوگ اسے غریبوں کے لیے اسکیم کہہ رہے ہیں لیکن میرے نزدیک یہ ’’دریدر نرائن ‘‘ کی خدمت ہے جس سے ہر غریب کو عزت کے ساتھ علاج معالجہ کا حق ملے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ امریکہ، یورپی یونین، کناڈا اور میکسیکو کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہندوستانیوں کو ایک ساتھ اس اسکیم کا فائدہ پہنچنے والا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 1300مہلک امراض کا علاج سرکاری نہیں پرائیویٹ اسپتالوں میں ہوگا۔علاوہ ازیں کسی کو پہلے سے بھی کوئی مرض ہے تو اس کو بھی ایوشمان بھارت کے تحت فائدہ ملے گا۔ وزیر اعظم نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہ یہ اسکیم آج( اتوار) سے ہی نافذ ہو رہی ہے، کہا کہ پوری دنیا میں سرکاری رقم سے اتنی بڑی اسکیم کسی بھی ملک میں نہیں چل رہی ۔ یہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔وزیر اعظم نے اس کا بھی ذکر کیا کہ آزادی کے بعد70سال کے دوران جھارکھنڈ میں 3 میڈیکل کالج اور 350طلبا تھے لیکن 4سال میں اسی ریاست میں 8میڈیکل کالج اور1200میڈیکل اسٹوڈنٹس ہیں ۔اسی سے اندزہ لگایا جا سکتا ہے کہ صحت عامہ کی جانب کس قدر تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -بنگالی دراندازدیمک کی طرح ہیں،امیت شاہ
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں