ہائی ٹیشن وائرسے تعزیہ ٹکرانے سے 32افراد جھلس گئے،ہنگامہ برپا
مرادآباد۔۔۔۔مراد آباد کے مجھولا تھانہ علاقے میں جینتی پور منڈی کمیٹی روڈ پرمحرم کے جلوس کے دوران تعزیہ ہائی ٹینشن وائر کی زد میں آگیا جس سے 32افراد جھلس گئے۔ زخمیوں کو فوراً ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ضلع افسر راکیش کمار سنگھ اور ایس ایس پی جے رویندر گوڑ نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی خیریت دریافت کی۔جلوس جینتی پور سے کرولا کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک تعزیہ ہائی ٹینشن وائر سے ٹکرا گیا اور زدردار دھماکے سے آگ لگ گئی۔پورا تعزیہ خوفناک آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا، متعدد افراد ملبے میں دب گئے اور بجلی کا کرنٹ لگنے سے تقریباً32افراد جھلس گئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اورفائر بریگیڈ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی کی اور ملبے سے زخمیوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا۔ جلوس میں شامل افراد مشتعل ہوگئے اور محکمہ بجلی کے اہلکاروں کیخلاف جم کر نعرے بازی کی۔ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے ایس پی سٹی انکت متل پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور ہنگامہ کو کنٹرول کیا۔ضلع افسر رکش کمار سنگھ نے بتایا کہ تمام زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے جبکہ 2کی حالت نازک ہے۔حادثہ کے اسباب جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دیدیا گیا۔علاقے کے بجلی گھر سیتاپوری فیڈر کے جے ای اشیش وشٹ نے بتایا کہ تعزیہ 132ہزار کی ہائی ٹینشن لائن کی زد میں آنے سے یہ حادثہ رونما ہوا۔