Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لٹیری دلہنوں نے3ماہ میں 27گھر لوٹ لئے

غازی آباد۔۔۔۔غازی آبادمیں لٹیری دلہنوں کا گروہ سرگرم ہوگیا۔ تقریباً3ماہ میں لٹیری دلہنیں اپنے ساتھیوں کے ساتھ 27نوجوانوں کو نشانہ بنا چکی ہیں۔ گروہ کی نظر اُن نوجوانوں پر ہوتی ہے جو کام کاج میں مصروف رہتے ہیںاور کسی وجہ سے شادی سے محروم ہیں۔ اس قسم کے نوجوانوں سے شادی کرکے چند دنوں بعد لٹیری دلہنیں گھر سے قیمتی سامان اور نقدی لیکر فرار ہوجاتی ہیں۔گزشتہ روز دھوکہ دہی کے شکار 3نوجوانوں نے صاحب آباد پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کرائی۔متاثرین کی شکایت پر پولیس نے گروہ کے افراد کی تلاش شروع کردی۔صاحب آباد کی کوٹی کالونی کے رہنے والا فراز جو پلاسٹک کا کاروبار کرتا ہے ، اس نے بتایا کہ تقریباً ایک سال قبل دوست کے تعاون سے ایک لڑکی سے شادی ہوئی۔ 4ماہ بعد اس کی بیوی شریفن عرف شریفہ گھرسے36ہزار روپے نقد، قیمتی اشیاء اورکپڑے لیکر فرار ہوگئی۔ اس نے موبائل بند کردیا اور اس سے رابطہ کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔اسکے بعد دوست کے ذریعے بیوی کے اہل خانہ سے رابطہ کی کوشش کی لیکن تمام موبائل بند ملے۔بلند شہر کا رہنے والا بھوپندر نوئیڈا کی کمپنی میں سینیئرمنیجر ہے۔ اس نے بتایا کہ اس کی ملاقات بنگال کی رہنے والی لڑکی سے ہوئی۔6ماہ قبل دونوں نے شادی کرلی۔الزام ہے کہ وہ 2ماہ کی ٹریننگ کیلئے بیرون ملک گیا ہوا تھا۔ واپس آیا تو کمرے میں تالا لگا ہوا تھا۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تودیکھا کہ بیوی گھر کا سارا سامان ،2ایئر کنڈیشنڈ، 2لاکھ روپے نقد ،4لاکھ کے زیورات اور ملازمت سے متعلق ضروری دستاویزات لیکر فرار ہوگئی۔موبائل نمبر سے اہلیہ کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ بنگال میں موجود ہے۔ لوکیشن کی بنیاد پربھوپندر نے صاحب آباد پولیس اسٹیشن میں بیوی کیخلاف رپورٹ درج کرائی۔ٹیکسی ڈرائیور سمیر نے بتایا کہ وہ ارتھلا میں 5سال سے کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔ شادی ڈاٹ کام ویب سائٹ پرفرح نامی خاتون سے ملاقات ہوئی۔ وہ شادی پر رضامند ہوگئی۔ شادی کی تقریب میں دونوں جانب سے کوئی شریک نہیں ہوا۔ شادی کے 7ماہ بعد راج نگرعلاقے کی سوسائٹی میں فلیٹ خریدنے کا پروگرام بنایاگیا۔4روز قبل بلڈر کوضمانت کے طور پر دینے کیلئے دوستوں کی مدد سے 2لاکھ روپے کا انتظام کرکے گھر پر رکھا تھا۔ رات گئے جب گھر واپس آیا تو کمرے میں تالا لگا ہوا تھا۔ سمیر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ فرح زیورات اور نقدی لیکر فرار ہوگئی۔ اس کاموبائل نمبر بھی بند ہے۔ متاثرہ نوجوان نے بیوی کے موبائل نمبر کی بنیاد پر صاحب آباد پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرادی۔پولیس نے بتایا کہ اس قسم کے لٹیرے گروہ کی نظر دہلی اور این سی آر کے نوجوانوں پر رہتی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 3ماہ کے دوران مختلف تھانوں میں 27واقعات درج کرائے گئے تاہم ابھی تک کسی لٹیری دلہن کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
مزید پڑھیں:- - - - - -بیوی نے شوہر کی زبان دانت سے کاٹ لی

ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: