Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ثقافتی شعبے میں روابط مضبوط بنانے کی تقریب

تقریب میں ثقافتی و کاروباری شخصیات اور تخلیق کاروں نے شرکت کی۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے ثقافتی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ریاض میں تیسری سالانہ ’سٹوری ٹیلرز‘  تقریب منعقد کی گئی۔
سعودی پریس ایجنسی  کے مطابق تقریب میں سرکاری عہدیداروں، ثقافتی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور مختلف ثقافتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تخلیق کاروں نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد  ثقافتی شعبے میں روابط کو مضبوط کرنا، نئے مواقع تلاش کرنا اور اس کے فروغ کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کوشش ہے۔
ثقافتی ترقیاتی فنڈ کے سی ای او ماجد الحقیل میں تقریب کے آغاز میں  کلیدی خطاب کیا جس کے  بعد ایلیٹ شیفس سینٹر کے نمائندوں نے خطاب کیا۔ یہ مرکز شیف پرینیور پروگرام کے پیچھے کام کرنے والی تنظیم ہے جو فنڈ کے تعاون سے شروع کی جانے والی ایک اہم کوشش ہے۔
یہ پروگرام ابھرتے ہوئے شیفس کو کھانوں کی مہارت اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرتا ہے تاکہ وہ مسابقتی کاروبار کے تحت اپنے ذاتی منصوبے شروع کر سکیں۔
تقریب میں شیف پرینیور پروگرام  میں حصہ لینے والے 42 امیدواروں کی کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی گئی۔
ثقافتی فنڈ نے اپنے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کے عزم کے تحت مختلف تخلیقی منصوبوں کی نمائش کی تاکہ مہمان خود ان تخلیقی کاموں کا تجربہ کر سکیں۔

مہمانوں نے روایتی دستکاری’ تسبیح بنانے کے فن میں حصہ لیا۔ فوٹو واس

ایونٹ میں ’سال ہنر 2025‘ کے عنوان سے ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مہمانوں نے روایتی دستکاری’ تسبیح بنانے اور مہندی لگانے کے فن میں حصہ لیا۔
تقریب میں خصوصی آرٹ نمائش میں سعودی آرٹسٹ اور دستکار نائفہ الشہرانی کے فن پارے رکھے گئے۔
روایتی القط العسیری آرٹ سے متاثر یہ نمائش مملکت کے جنوبی خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے کے شوخ رنگوں اور پیچیدہ تفصیلات کے ساتھ خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
ایونٹ کا مقصد سرکاری اداروں، نجی شعبے اور غیر منافع بخش تنظیموں کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا تھا تاکہ ثقافتی شعبے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے جو معیشت کی ترقی اور معیار زندگی بہتر کرنے میں مدد دے۔

مملکت کے جنوبی خطے کے ثقافتی ورثے کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ فوٹو واس

اس موقع پر ثقافتی فنڈ کے مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن ایگزیکٹو ڈائریکٹر  نواف العوین نے بتایا ’ سالانہ تقریب ہماری ان کوششوں کا حصہ ہے جو ثقافتی شعبے کی ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
تیسری سالانہ تقریب تخلیق کاروں، کاروباری شخصیات اور بااثر شخصیات کو نظریات کا تبادلہ کرنے، نقطہ نظر شیئر کرنے اور ثقافتی و مالیاتی شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع ڈھونڈنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔
ثقافتی ترقیاتی فنڈ کا مقصد مکالمے اور تعاون کو فروغ دے کر ایسی شراکت داری کو پروان چڑھانا ہے جو ثقافتی شعبے میں ترقی اور پائیداری کو یقینی بنائے۔
 

 

شیئر: