زیادہ امیر نہیں لیکن دل سمندر ہے، پاکستانی مداح چاچا بشیر
دبئی:امریکی ریاست شکاگو میں مقیم پاکستانی کرکٹ مداح محمد بشیر عرف بشیر چاچا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لئے ہر ٹورنامنٹ میں ضرور شرکت کرتے ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ میں کوئی بہت امیر آدمی نہیں لیکن میرا دل سمندر کی طرح وسیع ہے اسی لئے ہندوستانی دوست اور کرکٹ مداح سدھیر کما ر گوتم کو اپنے خرچ پر دبئی بلایا تاکہ وہ ایشیا کپ کے میچ ساتھ دیکھ سکے اور ہندوستان ٹیم کی حمایت کرسکے ، میرا ایمان ہے کہ اگر کسی کی مدد کرو تو اللہ مدد کرتا ہے۔ہندوستانی شہری سدھیر کمار بھی کرکٹ کے بڑے مداح ہیں اور اپنی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے ہر میچ میں شرکت کرتے ہیں انہیں سچن ٹنڈولکر اسپانسر کرتے ہیں۔بشیر چاچا اور سدھیر کمار کی دوستی 2011 ءکے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ہوئی ، جس کے بعد یہ دونوں پاکستان اور ہندوستان کی اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہوئے اچھے دوست بن گئے۔ ایشیا کپ کے دوران بشیر چاچا نے دبئی پہنچنے سے پہلے سدھیر کمار کو فون کیا جنہوں نے بتایا کہ اس بار وہ ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرسکیں گے کیونکہ سچن ٹنڈولکر نہیں پہنچ سکے ۔ایسے میں بشیر چاچا نے انہیں دبئی آنے کی پیشکش کردی اور ان کے اخراجات اٹھانے کے حوالے سے بھی بے فکر کردیا۔ دونوں ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوران دبئی کے ا±سی ہوٹل میں مقیم رہے جہاں ہندوستانی کرکٹ ٹیم تھی ، دونوں ایک ہی کمرے میں رہے ۔بشیر چاچا کا کہنا ہے کہ میں نے سدھیر کو بلاتے ہوئے کہا کہ تم دبئی آجاوباقی سب ہوجائے گا۔دوسری جانب سدھیر کمار کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے خرچ پر دبئی بلا کر بشیر نے ثابت کردیا کہ دوستی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔بشیر چاچانے ہوٹل میں ہندوستانی کپتان روہت شرما اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔ بشیر چاچا کو پاکستان کے فائنل میں نہ پہنچنے کا افسوس رہا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں