ہندوستانی یونیورسٹی میں مثالی بہو کے نام سے دلچسپ کورس متعارف
نئی دہلی...بڑھتی ہوئی جدت اور ٹیکنالوجی کے تیزی سے پروان چڑھتے ماحول میں دنیا بھر کے اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز میں نت نئے موضوعات متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ طالبعلموں کو دور جدید کے رجحانات سے روشناس کرایا جا سکے لیکن ہند ایک جامعہ میں حال ہی میں متعارف کرائے گئے نئے مضمون نے سب کو حیران کردیا۔سوا ارب سے زائد آبادی کے ملک ہند میں شادی شدہ خواتین کو تابعدار اور ایک آئیڈیل بہو بنانے کیلئے ریاست مدھیہ پردیش کے زیرانتظام چلائی جانے والی یونیورسٹی میں مثالی بہو کے نام سے نیا مضمون متعارف کرایا گیا ہے۔بھوپال کی برکت اللہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈی سی گپتا نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کورس متعارف کرانے کا مقصد بہوﺅں کو خاندانی روایات اور اقدار کے بارے میں معلومات فراہم کی جا سکیں تاکہ شادی کے بعد انہیں خود کو ڈھالنے میں مشکلات پیش نہ آئیں۔وائس چانسلر نے آدرش بہو(مثالی بہو) نامی کورس متعارف کراتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی بھی معاشرے کی طرف کچھ ذمہ داریاں ہیں لہٰذا ہم خود کو صرف کتابی حد تک کیسے محدود رکھ سکتے ہیں۔ شادیوں کو قائم رکھنے کے لیے قدم اٹھانا ہماری ذمے داری ہے۔گپتا نے مزید کہا کہ شادیاں اسی وقت قائم رہ سکتی ہیں جب نئی دلہنیں اپنے شوہر کے اہلخانہ کے ساتھ ایڈجسٹ کریں، ہم مستقبل کی بہوﺅں کو سکھائیں گے کہ خاندان کا احترام لازم ہے اور تنازعات اور اختلافات سے بچاﺅکے لیے مشورے دیں گے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے دعویٰ کیا کہ یہ کورس خواتین کو بااختیار بنانے میں مددگار ہو گا کیونکہ اس مضمون میں انہیں سماجیات اور نفسیات کے ذریعے وہ اہم مشورے دیئے جائیں گے جن کی بدولت وہ اپنی شادی شدہ زندگی ہنسی خوشی بسر کر سکیں گی اور ان مسائل میں الجھنے سے گریز کریں گی جن سے نوبت طلاق تک پہنچ جاتی ہے۔یہ مضمون جلد یونیورسٹی میں پڑھایا جائے گا اور اس کے پہلے بیج میں 30 طالبات ہوں گی۔