غیر قانونی طور پر امریکہ پہنچنے والے ہندوستانیوں کی تعداد میں اضافہ
نئی دہلی ... غیر قانونی طور پر امریکہ جانے والے ہندوستانیوں کی تعداد سال رواں میں 3گنا بڑھ گئی۔ امریکی کسٹم اور بارڈر پروٹیکشن کے ادارے کا کہناہے کہ سب سے زیادہ جس کمیونٹی کو گرفتار کیا گیا اسکا تعلق ہند سے ہے۔ یہ لوگ انسانی اسمگلروں کو 25ہزار تا 50ہزار ڈالر فی کس دیتے ہیں اور پھر امریکہ کیساتھ میکسیکو کی سرحد پار کرکے امریکہ میں داخل ہوتے ہیں۔ یہ لوگ اس کے بعد ہند میں ظلم و تشدد کا بہانہ بناکر سیاسی پناہ کی درخواست کرتے ہیں۔ ادارے کے ایک ترجمان نے کہاکہ اگرچہ ان میں سے بعض دعوے سچے بھی ہوتے ہیں مگر بڑی تعداد میں جعلی درخواستیں جمع کرائی جاتی ہیں۔ واشنگٹن میں ہندوستانی سفارتخانے اور سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصلیٹ نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ امریکی ترجمان کا کہناتھا کہ تقریباً 4ہزار ہندوستانی اس سال میکسیکو میں 3میل طویل سرحدی باڑ لگنے کے بعد داخل ہوچکے ہیں۔