نئی دہلی.. ہندوستانی وزیر مملکت برائے داخلہ اور وزارتِ داخلہ کے اہلکار نے پٹھان کوٹ حملہ کیس کی چارج شیٹ کو بڑا بریک تھرو قرار دیا ہے ۔ پاکستان سے مولانا مسعود اظہر سمیت 4 ملزمان کی حوالگی کے لئے جلد با ضابطہ کارروائی شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں 8 افراد ملوث تھے ۔ 4 مارے گئے جبکہ 4 پاکستان میں موجود ہیں۔اس سے قبل نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے رواں برس جنوری میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کی چارج شیٹ عدالت میں پیش کی۔ جیشِ محمد اور اس کے سربراہ مولانا مسعود اظہر پر الزام عائد کیا گیا ۔ چارج شیٹ میں کہا گیا کہ ایئر بیس میں داخل ہونے والے چاروں حملہ آور پاکستانی تھے ۔مسعود اظہر حملے کے ماسٹر مائنڈ تھے۔تفتیش کاروں کے مطابق ٹرائل کورٹ میں پیش کی جانے والی چارج شیٹ اور شواہد پاکستانی حکام کو فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کر سکیں۔