’’شہباز شریف نے رانا مشہود کے بیان کا نوٹس لے لیا‘‘
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ رانا مشہود کے متنازع بیان پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلام آباد میں نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرنے کے دوران نواز شریف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آپ بہتر سمجھتے ہیں کہ رانا مشہود کا بیان پارٹی پالیسی ہے یا کچھ اور، تاہم شہباز شریف اس بیان پر نوٹس لے چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ مجھ سے سیاسی سوال جواب کررہے ہیں جبکہ میرا ذہن کسی اور کیفیت میں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رانا مشہود نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ن لیگ کے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں اور اس میں شہباز شریف کا بہت بڑا کردار ہے۔ اسی طرح چلتا رہا تو 2ماہ کے بعد پنجاب میں ن لیگ دوبارہ حکومت بنائے گی۔