لاپتہ بچوں کی عدم بازیابی‘ عدالت پولیس پر برہم
کراچی: عدالت عالیہ سندھ نے لاپتہ بچوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے 3 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی زیر سربراہی 2 رکنی بینچ نے لاپتا بچوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اس دوران پولیس نے 22 میں سے 2 بچوں کی بازیابی کی رپورٹ پیش کی جس پر جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریمارکس دیے کہ لاپتہ بچوں کو جلد بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ والدین پریشان نہ ہوں، عدالت ان کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی عرفان بہادر نے بتایا کہ اخبارات میں اشتہارات دینے کے بعد لاپتہ بچے سجاد کو فیصل آباد اور ام فروا کو کورنگی سے بازیاب کرایا گیا ہے۔ آئی جی سندھ نے بچوں کی بازیابی کے لیے ڈی آئی جی سی آئی اے کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دےدی ہے۔