پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں کی منظوری
جمعرات 4 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد... وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں کی منظوری دیدی ۔اجلاس میں 100روزہ ایجنڈے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیرِاعظم عمران خان نے فنانس ترمیمی بل کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے گا ۔ سعودی عرب کی طرح یو اے ای کا وفد بھی پاکستان کے دورے پر آرہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی و زیر پٹرولیم غلام محمد سرور نے کہا کہ گزشتہ ماہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا ۔ وزیرِ اعظم کے دورے سے متعلق یہ باتیں پھیلائی جارہی تھیں کہ وہاں ہاتھ پھیلانے گئے لیکن ایسا نہیں ہوا بلکہ پاکستان نے سعودی عرب کو سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سعودی وفد نے گوادر کا دورہ کیا جس کے بعد انہوں نے دلچسپی کا اظہار کیا کہ وہ یہاں تیل کی ریفائنری لگائیں گے۔ ریفائنری سے متعلق معاہدہ دونوں ممالک کی حکومتوں کے مابین (جی ٹو جی)ہوگا، جس میں پاکستان کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل اور سعودی عرب کی جانب سعودی عربین آئل کمپنی معاہدے کو حتمی شکل دے گی۔ اس معاہدے کے لئے سعودی وز یر ِ توانائی اسلام آباد آئیں گے تب اس ریفائنری کی ساخت اور اس کی لاگت کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ جب معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی تو اس میں بلوچستان حکومت کو شامل کیا جائے گا۔ ابھی تک صرف اس کے ایم او یو پر ہی اتفاق ہوا ہے جس کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ۔