کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کا لاہور میں سفر مکمل
لاہور:آ ئی سی سی کی جانب سے ورلڈکپ 2019کی ٹرافی کرکٹ کے متوالوں کو مزید پرجوش بنانے کیلئے ان دنوں پاکستان میں جلوہ افروز ہے، سب سے پہلے ٹرافی لاہور کے شہریوں کے دل کی دھڑکنیں تیز کرنے کیلئے پی سی بی کے ہیڈکوارٹر قذافی اسٹیڈیم پہنچی۔ اس کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں تماشائیوں کو ایک جھلک دکھا کر لاہور میں اس کا سفر مکمل ہوگیا۔انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کی ٹرافی 27 اگست کو دبئی میں واقع آئی سی سی ہیڈکوارٹرز سے روانہ ہوئی تھی۔پاکستان میں سفر کا آغاز بدھ کو لاہور سے ہوا، پہلے دن فاسٹ بولر محمد عرفان نے سونے اور چاندی سے بنی 11کلووزنی ٹرافی اٹھائی اور ٹورازم کی ڈبل ڈیکر بس پر سوار ہو کر قذافی اسٹیڈیم سے اقبال پارک مینار پاکستان تک کا روٹ مکمل کیا ،سہ پہر کو قذافی اسٹیڈیم واپسی پر میدان میں تقریب رونمائی ہوئی۔دوسرے دن ورلڈ کپ1992 کی فاتح ٹیم کے رکن مشتاق احمد ٹرافی کے ساتھ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پہنچے تو شاندار استقبال کیا گیا،ا سٹاف اور طلبا نے ٹرافی اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان لمحات کو تصاویر سے یادگار بنایا۔ مشتاق احمد نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرائے گی،اس کے بعد ٹرافی کو واہگہ بارڈر میں شائقین کے ساتھ غیور رینجرز نے اپنے درمیان پایا لاہور میں آخری پڑاو شوکت خانم کینسر اسپتال میں رہا، وہاں پر مریض بچوں اور اسٹاف نے تصاویر بنوائیں ۔ ورلڈ کپ ٹرافی 5 اور6 اکتوبرکواسلام آباد، راولپنڈی کے بعد آخر میں 7 اکتوبر کو کراچی لیجائی جائے گی جہاں سے اس کا پاکستان کا سفر مکمل ہو جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں