Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی دفاع ناقابل تسخیر اور فوج کی قربانیاں قابل قدر ہیں، خان ہشام

فوج نے خطے میں دیرپا امن کوقائم رکھنے میں قابل ستائش کردار ادا کیا ہے، یوم دفاع پاکستان استقبالیہ سے سفیر کا خطاب، سفراءاور عمائدین کی شرکت
ریاض(جاوید اقبال)سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج نے ملکی دفاع کو یقینی بنانے کے علاوہ اپنے خطے میں دیرپا امن کو بھی قائم رکھنے میں قابل ستائش کردار ادا کیا۔ وہ سفارت خانہ کے چانسری ہال میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ استقبالیہ میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔ متعدد ممالک کے سفراء، دفاعی اتاشی اور پاکستانی و سعودی عمائدین شہر بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ خان ہشام نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پوری دنیا مانتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد ممالک کی افواج اپنی جنگی مشقوں میں پاک فوج کی شرکت کو یقینی بناتی ہے۔ دوسرے ممالک کی افواج کی تربیت میں بھی پاک فوج کا کردار قابل فخر ہوتا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی امن فوج کا بھی ایک قابل ذکر حصہ پاک فوج پر مشتمل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوج کی انتہائی پیشہ ورانہ تربیت خطرات سے نبردآزما ہونے کی صلاحیت اور جذبہ حب الوطنی نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور نے کہا کہ تقریب کا مقصد دفاع وطن کیلئے پاکستانی فوجیوں کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ مادر وطن کی حدود کے اندر او رباہر امن کا قیام ہی پاکستانی افواج کا منتہائے مقصد ہے۔ بین الاقوامی مبصرین نے بھی پاک فوج کی کامیابیوں کو تسلیم کیا ہے۔ اس کے بعد سفیر پاکستان نے سعودی وزیر دفاع کے ریئرایڈمرل محمد عبدالرحمان اور میجر جنرل عبدالرحمان کی معیت میں موقع کی مناسبت سے کیک کاٹا۔ افواج پاکستان کے مختلف تربیتی مراحل پر مشتمل ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جسے بے حد سراہا گیا۔
 

شیئر: