Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، عسیر کمیونٹی

جی ایس ایوب ۔ خمیس مشیط
    سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی نیب کورٹ میں گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے عسیر کمیونٹی نے اس کی بھرپور مذمت کی ہے۔
    مسلم لیگ (ن) عسیر کے چیئرمین خرم بٹ نے کہا کہ حکومت نے اپنی ناکامی کو چھپانے او رپردہ ڈالنے کیلئے شہباز شریف کو گرفتار کروایا تاکہ عوام کی توجہ اصل حقائق سے ہٹائی جاسکے،مسلم لیگ کے کارکن اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہیں فوری رہا کیا جائے۔
    جاوید چوہدری آف نارووال نے گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے 100دن کی کارکردگی چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ حکومت تجاویزات کی آڑ میں انتقامی کارروائی کررہی ہے۔مسلم لیگ ن عسیر کے صدر محمد افضل بٹ نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری غیر قانونی ہے،پارلیمنٹ کی توہین ہے۔ قائد حزب اختلاف کو بغیر جرم ثابت کئے گرفتار کرنا غیر آئینی اقدام ہے۔ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔
    عسیر ریجن کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت شاہد بٹ نے شہباز شریف کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے خلاف سازش ہے۔ دبائو کے تحت وعدہ معاف گواہ بنائے جارہے ہیں،ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ فاروق بٹ نے کہا کہ پہلے کرپشن ثابت تو کی جائے، اگر ثابت ہوجائے تو گرفتار کیا جائے۔ اس سے تو صاف ظاہر ہے حکومت کی انتقامی کارروائی ہے۔ سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہئے۔
    ریاض شاہد اور ریاض چوہدری نے بھی گرفتاری کی مذمت کی ۔ راجہ محمد اقبال پھندیال نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کی کامیابی سے حکومت خوفزدہ ہے لیکن کامیابی (ن) لیگ کا مقدر ہے، اس کی مقبولیت کم نہیں کی جاسکتی۔ شہباز شریف کو فوری رہا کیا جائے۔
مزید پڑھیں:- - -  - -پاکستان رائٹرز فورم کے تحت روہنگی مسلمانوں کے مسائل پر تقریب

شیئر: