Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیٹ طیارے کے ایگزاسٹ کے سامنے کھڑے لڑکے ہوا کے زور سے اڑ گئے

 وامینا ،انڈونیشیا..... بچپن اور نوعمری  کا زمانہ اتنا عجیب ہوتا ہے کہ اس وقت کوئی بھی حرکت عجیب نظر نہیں آتی اور بچے  تو بطور خاص وہی کچھ دیکھنے پر مصر رہتے ہیں جو وہ سمجھتے ہیں اور نتائج سے بے نیاز ہوکر ہر وہ کام کر گزرتے ہیں جو عام اور با شعور انسان کبھی نہیں کرسکتا۔ ایسا ہی ایک واقعہ وامینا ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیا جب 2نوعمر لڑکے  ہنستے اورقہقہے لگاتے ہوئے کسی طرح ایئرپورٹ کے اندرونی حصے میں داخل ہوئے ۔ یہ وہ وقت تھا جب ایک طیارہ کہیں جانے کیلئے اڑان بھرنے والا ہی تھا نہ جانے ان لڑکوں کو کیا سوجھی کہ طیارے کی اڑان سے ذرا قبل وہ اس کے عقبی حصے میں چلے گئے جہاں ایگزاسٹ لگا ہوا تھا اور جہاں سے تیز ہوا خارج ہورہی تھی۔ صورتحال ان لڑکوں کی سمجھ سے بالا تر تھی۔ انہوں نے  ایگزاسٹ سے سامنے سے آنے والی تیز ہوا کو کوئی اہمیت نہیں دی اور ایگزاسٹ کے پاس کھڑے تماشا دیکھنے کی کوشش کرتے رہے۔ مگر جب طیارے کے ہواباز نے  ٹیک آف کا حتمی فیصلہ کیا اور تھراٹل دبایا تو ہوا کی رفتار مزید تیز ہوگئی جو ان احمق لڑکوں کی قوت برداشت سے بہت زیادہ تھی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ دونوں ہی ہوا کے ساتھ تھوڑا بلند ہوئے اور تھوڑی دور اڑنے کے بعد زمین پر جاگرے۔ اس حوالے سے جو وڈیو جاری ہوئی ہے اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہوا کے ہاتھوں اپنی درگت بننے کے باوجود ان بچوں کو کوئی فکر نہیں تھی۔ تاہم وہ  کچھ ڈرے ، ڈرے سے ضرور لگ رہے تھے۔ وڈیو سے ایسا لگتا ہے کہ گھاس والی زمین پر گرنے سے دونوں کو کوئی خاص چوٹ نہیں لگی او رنہ ہی وہ زخمی ہوئے۔  مزید تفصیلات  ایئرپورٹ انتظامیہ  نے روک رکھی ہیں کیونکہ ابھی یہ جاننا باقی ہے کہ  آخر یہ حفاظتی حصار توڑ کر اور گارڈ سے بچتے ہوئے ٹارمک تک وہ کس طرح پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں:- - - -کلاسیکل پیانو نواز: زخمی اور معمر ہاتھیوں کا دل بہلانے جنگل میں جاگھسا

شیئر: