Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اختیارات خود نہیں رکھنا چاہتا، کمیٹی بناوں گا ،احسان مانی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی نے کہا ہے کہ پی سی بی میں کرکٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہو گیا ہے ۔ پاکستان سپر لیگ کو مکمل طور پر پاکستان واپس لانے کیلئے پر عزم ہیں اور یہ لیگ ہوم گراونڈز پر کھیلی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی سابق کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی اور یہی کھیل کے تمام امور سنبھالے گی۔ اس حوالے سے مشاورت شروع ہوچکی ہے کسی کا نام نہیں لوں گا لیکن جس سابق کرکٹر کے بارے میں محسوس ہوا کہ وہ ملکی کرکٹ کی بہتری کیلئے کچھ کر سکتا ہے تو اسے کمیٹی کا حصہ بنانے میں دیر نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ہی کھیل کی باریکیاں سمجھتے ہیں اور وہی اس حوالے سے معاملات سنبھالیں گے۔ اختیارات اپنے پاس رکھنے یا مشیروں کی مدد سے معاملات کو چلانے کا کوئی ارادہ نہیں اور کرکٹ کمیٹی ہی کو ہی مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔ پی سی بی چیئرمین کے مطابق بورڈ میں تبدیلیوں کے ساتھ رائٹ سائزنگ ہو گی۔ میرا تقرر 3سال کے لیے ہوا اور عہدہ سنبھالے ایک مہینہ گزرا ہے۔ابھی معاملات سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں، میرا مقصد پی سی بی کو ایک پروفیشنل ادارہ بنانا ہے جسے پروفیشنل افراد ہی چلائیں گے۔احسان مانی نے کہا کہ اس وقت چیئرمین ہی چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ہے ،جس سے چیک اینڈ بیلنس کا نظام نہیں بن سکا، چیئر مین کے کسی کو جواب دہ نہ ہونے کا سلسلہ ختم کرنا چاہتا ہوں اورچیف ایگزیکٹیو کی تقرری کے لئے بھی کام ہو رہا ہے ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا جلدپی ایس ایل کو پوری طرح پاکستان واپس لے آئیں گے۔ کسی غیر ملکی ٹیم کے پاکستان آنے کا دعویٰ نہیں کروں گا اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کیلئے اقدامات کریں گے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: