’’موبائل فون بند ہوئے تو ملک بھر میں کاروبار بند کردیں گے‘ ‘
کراچی: موبائل فون اور اس جیسی متعلقہ دیگر ڈیوائسز فروخت کرنے والے تاجروں نے دھمکی دی ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے 20 اکتوبر کو غیر منظور شدہ موبائل فونز اور دیگر ڈیوائسز بند کی گئیں تو ملک بھر میں کاروبار بند کردیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی الیکٹرانک ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے الیکٹرانکس ڈیلرز کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی اے تاجروں کے بجائے کمپنیوں کے کاروبار کو فروغ دے رہی ہے۔
رضوان عرفان نے کہا کہ حکومت سرپرستی کرے تو 50 ارب روپے سالانہ ٹیکس دے سکتے ہیں۔ غیر تصدیق شدہ موبائل فونز کی بندش کا فیصلہ تاجروں کی مشاورت کے بغیر کیا گیا ہے۔ الیکٹرانکس ڈیلرز کو پی ٹی اے کا ڈی آئی آر بی ایس سسٹم قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن نے کبھی غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ نہیں دیا۔ فون بند کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے نے اپنی مرضی سے 20 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بڑے اقدام سے قبل تاجروں کا موقف سنا جائے ۔