’’فاروق ستار نے خطرناک پیش گوئی کردی‘‘
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جتنے بڑے دعوے کیے تھے، ان میں سے کوئی بھی تاحال پورا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو مہنگائی کی دلدل میں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سٹی کورٹ کراچی میں ایک کیس کی سماعت کے بعد میڈیا نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ حکمران جماعت کا نام ہی انصاف سے منسوب ہے مگر اس کے برعکس مہنگائی کے پہاڑ ڈھا کر غریب عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔ عام آدمی زندہ رہنے کے قابل بھی نہیں رہا۔ فاروق ستار نے معاشی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ابھی تک ڈالر کی اُڑان پر قابو نہیں پا سکی جبکہ گیس اور بجلی کے نرخ آسمان کو چھو رہے ہیں۔
فاروق ستار نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت اپنی رہی سہی کسر پوری کررہی ہے۔ اس سے اچھا تو گدھا ملک کو اچھا چلا سکتا ہے۔لوگ اپنی عزتیں بیچ کر اپنا گزارا کررہے ہیں۔ حکومت کی ابتدا میں یہ حال ہے تو جب آئی ایم ایف کا پرچہ تھمایا جائے گا تو کیا ہوگا۔
اس موقع پر متحدہ رہنما نے ایک خطرناک پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ حالات سے محسوس ہوتا ہے کہ آنے والے وقت میں جرائم میں اضافہ ہوگا۔ عمران خان سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں کہ ٹیکس چوروں سے ٹیکس لینے کا راستہ نکالیں۔ وڈیروں اور جاگیرداروں سے ٹیکس وصول کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب تو جعلی اکاؤنٹس بھی نکل رہیں ہیں۔ 39 لاکھ لوگوں کے نام آئے تھے جن کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جاسکتا تھا تاہم حکومت کے پاس کوئی پیکیج ہے ہی نہیں۔