50کروڑ موبائل بند ہوسکتے ہیں،صارفین کو KYCکے مسائل کا سامنا؟
جمعرات 18 اکتوبر 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔ملک بھر میں 50کروڑ موبائل فون بند ہوسکتے ہیں۔ یہ خطرہ ان موبائل صارفین کیلئے ہے جنہوں نے کنکشن لیتے وقت آدھار کارڈ کے علاوہ دیگر شناختی دستاویز ات پیش نہیں کئے۔ایسے میں صرف آدھار کارڈ دیکر موبائل کنکشن حاصل کرنے والو ں کو نئی KYC(Know your customer )کی کارروائی سے گزرنا ہوگا۔آدھار ویریفکیشن کے ذریعے لئے گئے ان سم کارڈز کی اگر کسی دوسری شناختی دستاویزات کے ساتھ معلومات مطابقت نہیں رکھتیں تو ایسے موبائل کنکشن بند کردیئے جائیں گے۔واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں فیصلہ جاری کیا تھا کہ پرائیویٹ کمپنیاں سم کارڈ کی تصدیق کیلئے آدھار کارڈ کا استعمال نہیں کرسکتیں۔ فون کنکشن یا بینک اکاؤنٹ کو آدھار سے منسلک کرنے کی ضرورت نہیں۔ پرائیویٹ کمپنیاں صارفین سے آدھار کا مطالبہ نہیں کرسکتیں۔حکومت اعلیٰ سطح پر موبائل صارفین کے سم کارڈ کی توثیق و تصدیق کی بابت غوروخوض کررہی ہے۔ سیکریٹری مواصلات ارونا سندرراجن نے موبائل کمپنیوں کے ذمہ داروں سے ملاقات کرکےKYCسے متعلق بات چیت کی۔راجن نے کہاکہ حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ صارفین کو موبائل کے استعمال میں کسی قسم کی پریشانی لاحق نہ ہواور ان کی نئی معلومات کی توثیق آسان ہو۔واضح ہو کہ نئے موبائل کنکشنز زیادہ تر ریلائنس جیو کی جانب سے جاری کئے گئے۔ 2016ء میں موبائل انڈسٹری میں قدم رکھنے والی ٹیلی کام کمپنیوں نے صرف بایو میٹرک طریقے سے ہی صارفین کو سم کارڈز فراہم کئے۔ موبائل کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ ایسے صارفین کی نئی معلومات جمع کرنے سے متعلق ہم شعبہ مواصلات کے تعاون سے کام کررہے ہیں۔ اچانک آدھار کارڈ پرمنحصر تمام کارروائیاں بند کرنے سے اخراجات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔KYCکے لئے صارفین کو از سر نومعلومات فراہم کرنی ہوگی۔ معلومات مکمل نہ ہونے کی صورت میں لاکھوں سم کارڈز منسوخ کئے جاسکتے ہیں۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں