Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان سعودی عرب کا ایک اور دورہ کرینگے

اسلام آباد... وزیراعظم عمران خان 22 اکتوبر کو دوسری مرتبہ سعودی عرب کا 2 روزہ دورہ کریں گے ۔ وزیراعظم نے آئندہ ماہ چین کے دورے سے پہلے پھر سعودی عرب کے دورے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے اس سے پہلے 18 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ سرکاری ترجمان فواد چوہدری نے تصدیق کی کہ وزیر اعظم اگلے ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس کا مقصد ریاض میں منعقدہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرنا ہے۔ توقع ہے پاکستان بھی سرمایہ کاری کیلئے یقین دہانی حاصل کر لے گا ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرکشش بیرونی سرمایہ کاری کا حصول حکومت کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔پچھلے سال ریاض عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں 22 ٹریلین ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ اس سال توقع ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کی حد 23 ٹریلین ڈالر ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا دورہ مالیاتی اداروں سے مذاکرات کے دوران پاکستان کے لئے بہتر پوزیشن کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان کو معاشی صورتحال کی بہتری کے ایسے اشارے ملے ہیں جس سے ملک کا دوسر ے ذرائع پر انحصار کم ہوجائے گا۔سعودی عرب سے معاشی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہو گی۔عمران خان سعودی عرب کے دورے کے بعد 3 نومبر سے چین کا 3 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارت کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی جلد پاکستان کادورہ کرے گا جس میں معاشی تعاون بڑھانے کے امور پر بات ہو گی۔

شیئر: