اسلام آباد: وزیرا عظم عمران خان آیندہ ہفتے سعودی عرب کا دوسرا دورہ کریں گے جس کا مقصد برادر ملک سے مالی امداد کے حصول کی کوشش اور دارالحکومت ریاض میں ہونے والی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرنا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکیج سے متعلق 7 نومبر کو ہونے والے مذاکرات سے قبل وزیر اعظم کا دوسرا دورہ سعودی عرب اہم حیثیت رکھتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم دورے کے دوران سعودی شاہی خاندان کو مالی امداد کے حوالے سے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب اور چین سے 5 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم آیندہ ہفتے ریاض میں منعقدہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں توقع ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کی حد 23 ٹریلین ڈالر ہو جائے گی۔ ہمیں توقع ہے کہ پاکستان بھی سرمایہ کاری کے لیے عالمی برادری کی یقین دہانی حاصل کر لے گا۔