حیدرآباد... پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ تبدیلی کی باتیں کرنے والے بتائیں کہ سوائے وزیراعظم ہاوس میں بھینسیں اور گاڑیاں فروخت کئے جانے کے علاوہ اب تک کیا ہوا ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل تھر کے دورے پر گئے ہمیں پروٹوکول کا طعنہ دینے والے خود بڑے پروٹوکول میں گھوم رہے ہیں ۔تھر میں لال قالین بچھائے گئے تھر میں گورنر سندھ مخمل کے قالین پر گھومتے رہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چانڈیو نے کہاکہ نیب نے جو طریقہ کار اختیار کیا ہے وہ مناسب نہیں ۔ پہلے بھی کہا تھا ظلم او رناانصافی کی روایت کو روکو ورنہ اس صورتحال سے تمہیں بھی گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو تنہا کیا جارہا ہے ۔ملک کی بین الاقوامی سطح پر رسوائی ہورہی ہے۔ کل تک جو ہمارے دوست تھے وہ دور ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کےلئے جو بھی سوچا جارہا ہے یا تیاریاں کی جارہی ہیں ہم ان سے ڈرنے والے نہیں اور نہ میدان چھوڑ کر بھاگیں گے۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق مانگتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کہتے ہیں کہ سندھ کا پانی روک دیں گے ، قوموں کا پانی بند نہیں کیا جاسکتا ۔ کسی کے باپ کی طاقت نہیں کہ وہ ہمارا پانی روک سکے ۔