ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان نے کوریا کو 1-3سے شکست دیدی
عمان: تیسری ایشین مینز ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں جنوبی کوریا کے خلاف پاکستان نے ایک کے مقابلے میں 3گول سے فتح حاصل کر کے شاندار آغاز کردیا۔سلطان قابوس اسپورٹس کمپلیکس کی گراونڈ پر پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد، عمر بھٹہ اور کپتان رضوان سینیئر نے فیلڈ گول کئے۔ آخری کوارٹر میں پاکستان کی ٹیم نے قدرے سست کھیل کا مظاہرہ کیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوریا کے کم ہیونگ جن نے گول کر کے مقابلہ 1-3کردیا۔میچ کے اختتام پر پاکستان ٹیم کے مینجر حسن سردار نے کہا کہ آج ہمیں کم از کم مزید 2گول کرنے چاہئے تھے۔ہم نے کچھ چانس ضائع کئے جس کا ہمیں نقصان ہوا۔ان مواقع پر ہم پینلٹی کارنر بھی حاصل کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اس وقت پینلٹی کارنر کو گول میں بدلنے کیلئے بہت زیادہ بہتر نہیں ہے جس کی وجہ سے ہم نے تینوں فیلڈ گول کئے۔کپتان رضوان نے کہا کہ یہ جیت ہمارے لئے ضروری تھی کہ ہندسے مقابلہ کرنے سے پہلے ایک جیت حاصل کرنا چاہتے تھے۔ پاکستان کا اب آئندہ اصل ہدف ہند کے ساتھ میچ ہے اور ہماری پوری توجہ بھی اسی پر ہے۔20اکتوبر کو روایتی حریف آمنے سامنے ہوں گے۔حسن سردار نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ایشین گیمز کی تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ کا ہند سے بدلا لے سکیں۔کانسی کے تمغے کے حصول کیلئے ہند نے پاکستان سے یہ میچ جیت لیا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں