اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیورو کریسی میں پچھلی حکومت کے لوگ ہر جگہ موجود ہیں جو ہمارے کاموں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے بیورو کریسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی سطح پر ہمارے راستے میں مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔ سیاسی بیورو کریسی اور پولیس ہمارا کام متاثر کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 22 سالہ جدوجہد کے بعد ہم میں دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ملک پر قرضوں سے متعلق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومتوں نے ملک کو بڑے بوجھ تلے دبا دیا تھا۔ اگر ہم آئی ایم ایف سے رجوع نہ کریں تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور سعودی عرب سے مثبت پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ حکومت دیگر ذرائع سے بھی استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ وزیر اعظم نے کرپشن کے خلاف اقدامات اور مہنگائی سے متعلق کہا کہ وقت خود ثابت کرے گا کہ حکومتی اقدامات عارضی اور اس کے مثبت نتائج دور رس ثابت ہوں گے۔