Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی برآمدات بڑھ گئیں‘، جدہ میں پاکستان انویسٹمنٹ سمٹ اور سمارٹ ایکسپو

پانچ برسوں میں تقریبا 1.7 ملین پاکستانیوں نے سعودی عرب کا سفر کیا (فوٹو: پاکستان قونصلیٹ)
جدہ میں پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری نے انویسٹمنٹ اپرچیونٹی سمٹ اور سمارٹ ایکسپو کا انعقاد کیا جس کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع کو سعودی مارکیٹ میں متعارف کرانا ہے۔
پاکستان قونصلیٹ کے مطابق قونصل جنرل خالد مجید نے افتتاحی خطاب میں کہا ’پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط دوطرفہ تعلقات اور حالیہ اقتصادی پیش رفت سے آگاہی کی وجہ سے مجھے یقین ہے کہ یہ بزنس ایونٹ اس مقصد کو مزید مستحکم کرنےمیں اہم کردار ادا کرے گا۔‘
’مملکت میں27 لاکھ پاکستانی تارکین کی موجودگی اس مضبوط رشتے کی حقیقی عکاسی کرتی ہے جسے دونوں ملکوں نے برقرار رکھا اور پروان چڑھایا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا’ پچھلے پانچ برسوں میں تقریبا 1.7 ملین پاکستانیوں نے سعودی عرب کا سفر کیا۔ مملکت پاکستانی تارکین کی اولین منزل بن گئی ہے۔‘
’ آج سعودی عرب پاکستان سے باہر پاکستانیوں کی سب سے بڑی تارکین وطن کمیونٹی کی میزبانی کرتا ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی ورک فورس کی انمول خدمات پاک سعودی اقتصادی تعاون میں ایک اہم عنصر ہے۔‘
انہو ں نے بتایا’ قونصلیٹ نے حال ہی میں جدہ میں پاکستان انویسٹر فورم کو ایک اعلی ادارے کے طورپر فعال کیا ہے۔ توقع ہے یہ فورم پاکستانی سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کرے گا اور سعودی کاروباری افراد کے ساتھ روابط کو فروغ دے گا۔‘
سعودی عرب کےعمومی اعداد وشمار کے مطابق سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ مثبت رجحان سعودی مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھانے کےلیے ہمارے تاجروں اور سرمایہ کاروں کی ایک اجتماعی کوشش ہے اور اسے بر قرار رکھنا ضروری ہے۔

 ایونٹ میں سعودی اور پاکستانی کاروباری کمیونٹی کے ارکان کی  بڑی تعداد نے شرکت کی

سعودی عرب کے 130 رکنی تجارتی وفد کا حالیہ دورہ اسلام آباد دونوں ملکوں کے درمیان غیرمتزلزل سفارتی اورتجارتی تعلقات کی امید افزا علامت ہے۔ اس دورے میں مختلف شعبوں میں 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دونوں ملکوں کے باہمی کاروباری مفاد ات کو ظاہر کرتے ہیں۔
قونصل جنرل نے کہا کہ’ پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل( ایس آئی ایف سی) جو کاروباری اور سرمایہ کاری کے معاملات میں ایک اہم فورم ہے اور تمام سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔‘
اس ایونٹ میں سعودی اور پاکستانی کاروباری کمیونٹی کے ارکان کی  بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میڈیکل ٹورازم، تعلیم، رئیل سٹیٹ اور ہاسپلیٹی انڈسٹری کو فروع دینے کےلیے پاکستانی کمپنوں کے سٹالز کا دورہ کیا۔

شیئر: