واشنگٹن ۔۔۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں سے متعلق تاریخی معاہدے سے دستبردار ہوجائیگا۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس نے 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی ’خلاف ورزی‘ کی ہے۔1987 میں سویت رہنما میخائل گورباچوف اور امریکی صدر رونلڈ ریگن نے اس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔معاہدے کے تحت زمین سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پر پابندی ہے۔ یہ فاصلہ 500 سے 5500 کلومیٹر ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی روس کو ان ’ہتھیاروں کی اجازت نہیں دے گا جبکہ ہمیں اس کی اجازت نہیں ۔نویڈا میں ایک ریلی کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ صدر اوبامہ نے اس پر بات چیت کیوں نہیں کی یا اس سے کیوں نہیں نکلے۔ وہ بہت برسوں سے اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔2014 میں سابق صدر اوبامہ نے روس پر آئی این ایف کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا جب اس نے مبینہ طور پر زمین سے مار کرنے والے ایک کروز میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ روسی وزارت خارجہ کے ایک ذرائع نے امریکہ کے ایک اقدام کو ’واحد قطبی دنیا کے خواب‘ کا شاخسانہ قرار دیا ہے جہاں صرف ایک ہی سپر پاور ہو۔