ریاض: وزیر اعظم عمران خان سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دورے پر جہاں آج انہوں نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے آیندہ 3 سے 6 ماہ سخت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فوری طور پر کرنٹ خسارے کا سامنا ہے، جو ہمیں ورثے میں ملا تاہم ہم قرضوں کے لیے آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم منی لانڈرنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین نے 30 برس میں اپنے عوام کو غربت سے نکالا اور کرپشن کا خاتمہ کیا۔ سی پیک کی وجہ سے گوادر میں کام کر رہے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں معیشت بہتر ہوگی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ سرمایہ کار آکر پاکستان میں پیسہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کرنے کا بہترین وقت ہے۔ شاہ سلمان سے سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب سے آئل ریفائنری بنانے کے لیے بات چیت کی جا رہی ہے ، ہماری حکومت ہر حوالے سے سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ پاکستانی معیشت بہتر کی جا سکے ۔