Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب پاکستان کو12ارب ڈالر کا پیکیج دینے پر رضا مند

ریاض/ اسلام آباد-  - - -خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز  اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو ریاض میں وزیر اعظم عمران خان نے  ملاقات کی۔  دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے خواہش کا اظہار کیا۔ باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں اور مزدوروں سے متعلقہ مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔  شاہ سلمان کی جانب سے متعلقہ وزارت کو پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، مشیرتجارت عبد الرزاق داود اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق بھی  موجود تھے۔ سعودی عرب نے پاکستان کو12 ارب ڈالر کا پیکج دینے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد سے عمران خان کے سعودی عرب کے 2روزہ دورے کے اختتام پر جاری  بیان میں کہا گیا  کہ  سعودی عرب ، پاکستان کی ادائیگیوں میں توازن کی غرض سے اسے ایک سال کیلئے 3 ارب ڈالرفراہم کرے گا۔ وزیرخزانہ اسد عمر اور سعودی وزیرخزانہ نے اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے۔بیان کے مطابق اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان تیل کی درآمدات پر رقم ایک سال کی تاخیر سے ادا کرے گا اور وہ سعودی عرب سے3 ارب ڈالر مالیت کا تیل درآمد کرسکے گا۔ یہ انتظام 3 سال کے  لئے ہوگا جس کے بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائیگا۔سعودی عرب نے پاکستان میں آئل ریفائنزی کے قیام میں بھی دلچسپی کی تصدیق کی ۔  اس سلسلے میں سعودی کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائینگے۔ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم  عمران خان کی تجویز پر پاکستانی محنت کشوں کیلئے ویزا فیس کم کرنے پر اتفاق کیا   ۔یہ  سعودی عرب میں پاکستان کی افرادی قوت بڑھانے اور دونوں ممالک سے لوگوں کے سفر میں سہولت فراہم کرنے کی طرف نمایاں قدم ہے۔ دریں اثناء  عمران خان نے ملک میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کاروباری برادری کی سہولت کے لئے ’’ون ونڈو‘‘ آپریشن کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ خصوصی سیل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔  وزیر اعظم سعودی وزیر خزانہ ،  وزیر تجارت وسرمایہ کاری ، وزیر توانائی و معدنی وسائل، سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے چئیرمین اور ڈائریکٹر پبلک انوسٹمنٹ فنڈ  سے گفتگو کررہے تھے۔
مزید پڑھیں:- - - - - -روس اور سعودی عرب کے درمیان 10نئے منصوبے زیر غور

شیئر: