آل پارٹیز کانفرنس: فضل الرحمن اور نواز شریف میں رابطہ
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ن لیگ کے قائد کو مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس میں ذاتی طور پر شرکت کرنے کی دعوت دی ہے جس کے جواب میں نواز شریف نے پارٹی ارکان اور رہنماؤں سے مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف سے اپوزیشن کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق مشاورت کی جس پر نواز شریف نے کہا کہ جس دن اُنہیں (مولانا فضل الرحمن کو) آسانی ہو، پروگرام منعقد کیا جا سکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے سنا ہے کہ ن لیگ اے پی سی میں اپنا وفد بھیجے گی لیکن وہ چاہتے ہیں وفد بھیجنے کے بجائے نواز شریف خود شرکت کریں کیونکہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف رزداری بھی اہم پروگرام میں شرکت کریں گے ۔