Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زرداری کی ممکنہ گرفتاری ،پیپلزپارٹی کیا کریگی؟

کراچی ... پیپلز پارٹی نے منی لانڈرنگ کیس میں شریک چیئرمین آصف  زرداری کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں حکمت عملی مرتب کرنا شروع کر دی ۔ 3 نکاتی حکمت عملی کے تحت پیپلزپارٹی پارلیمنٹ ،انفرادی اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک گیر سطح پر احتجاج کرے گی ۔ذرائع کے مطابق اگر منی لانڈرنگ کیس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے آصف زرداری کو گرفتار کرتے ہیں تو پارٹی کی جانب سے پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی ، سینیٹ اور سندھ اسمبلی میں بھرپور انداز میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ۔ دوسرے آپشن میں پیپلز پارٹی سندھ میں احتجاج ریلیوں اور دھرنوں کا سلسلہ شرو ع کر سکتی ہے ۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے تمام صوبائی اور ضلعی تنظیمی عہدیداران کو تیار رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ زرداری کی ممکنہ گرفتاری پر پیپلز پارٹی احتجاجی مظاہروں کو ملک بھر میں وسیع کرنے کے لےے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطے کرے گی ۔ پیپلز پارٹی کے اہم رہنماو¿ں کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے ۔ یہ رہنما مسلم لیگ (ن) ، جمعیت علمائے (ف) ، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں سے رابطہ کرکے انہیں اس بات پر قائل کریں گے کہ زرداری کی گرفتاری ملک میں جمہوری قوتوں کو کمزور کرنے کی سازش ہے اور ان کی گرفتاری کا کرپشن سے کوئی تعلق نہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد تیسرے مرحلے میں آصف علی زرداری کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں ملک گیر احتجاجی مظاہرے کرے گی اور اسلام آباد میں دھرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔قومی اسمبلی سے استعفوں کا آپشن بھی سامنے رکھا جائے گا ۔ 

شیئر: